پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سبطین شاہجہانی کی غزلیں — Sibtain Shahjahani Ghazals

سبطین شاہجہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اور ان کے لطف و کرم مدتوں کے بعد (غزل)

ہم اور ان کے لطف و کرم مدتوں کے بعد

ظلمت ہوئی ہے نور میں ضم مدتوں کے بعد

اب پھر مشام جاں میں صبا کا خرام ہے

کس نے کیا ہے جسم پہ دم مدتوں کے بعد

نکلے ہیں کس کی آہ سحر تاب کے طفیل

زلف شب دراز کے خم مدتوں کے بعد

لوٹا ہے لے کے ذہن میں آشوب زندگی

دل کا غزال سوئے حرم مدتوں کے بعد

دو چار دن کی بات نہیں اے ہجوم شوق

ملتا ہے حسن جاہ و حشم مدتوں کے بعد

یخ بستہ فکر یاد کی آنچوں سے گرم ہے

بھڑکا ہے دل میں شعلۂ غم مدتوں کے بعد

سبطینؔ شہر علم و ادب کے نصیب میں

ہوتے ہیں ہم سے اہل قلم مدتوں کے بعد

انہیں بھی بلانے کو جی چاہتا ہے (نظم)

انہیں بھی بلانے کو جی چاہتا ہے

نہر میں نہانے کو جی چاہتا ہے

نہ پوری نہ حلوہ نہ لڈو نہ برفی

مرا کھیر کھانے کو جی چاہتا ہے

جہاں دودھ کی دیکھتا ہوں کڑاہی

وہیں بیٹھ جانے کو جی چاہتا ہے

وہ جن میں ہے کچھ کھانے پینے کا قصہ

وہ باتیں بنانے کو جی چاہتا ہے

میں بزدل ہوں موجوں سے گھبرا رہا ہوں

کنارے پہ آنے کو جی چاہتا ہے

جو استاد کہتا ہے پڑھنے کو ہم سے

بہانہ بنانے کو جی چاہتا ہے

جہاں ہو نہ پانی نہ تالاب کوئی

وہیں ڈوب جانے کو جی چاہتا ہے

فلک سے یہ رنگین تاروں کی گیندیں

مرا توڑ لانے کو جی چاہتا ہے

غزل کوئی سبطینؔ سنتا نہیں ہے

اور اپنا سنانے کو جی چاہتا ہے

مزید غزلیں از سبطین شاہجہانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں