پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سبط احمد کی غزلیں — Sibt Ahmad Ghazals

سبط احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوئے پانی کے تلے ڈوبے ہوئے پیکر لکھیں (غزل)

سوئے پانی کے تلے ڈوبے ہوئے پیکر لکھیں

آئینہ خانے میں گزری ساعتوں کے گھر لکھیں

آنکھ کی پتلی میں ٹھہری خواہشوں کے رنگ سے

جو نہ ہو محسوس ایسی بات چہرے پر لکھیں

دستکیں دیتی ہے کچے جسم پر موج صبا

وقت کے آب رواں پہ عکس کے پیکر لکھیں

بھیگے ہونٹوں پر ہوا کے گرم بوسے ثبت ہیں

سرد کمرے میں لہو کے دوڑتے لشکر لکھیں

خواہشوں کے چاند کا لمبا سفر طے ہو گیا

اب اکیلے پن کے میداں میں گھرے مندر لکھیں

مٹھیاں کھولیں پسینے کے سوا کچھ بھی نہیں

عمر سے بڑھ کر پرانی بات پھر کیوں کر لکھیں

جسم کے قصے تو اب احمدؔ پرانے ہو گئے

اب کوئی تازہ روایت دل کے پتھر پر لکھیں

بھڑک بھڑک کے صداؤں نے رہ دکھائی مجھے (نظم)

بھڑک بھڑک کے صداؤں نے رہ دکھائی مجھے

ہزار سنگ سفر ہم سفر بنے بگڑے

یہ آرزو ہے کہ خواہش کا کوئی پھل نہ گرے

مسافرت کے سمندر میں سب کو تنہا کروں

وہ مجھ سے چھپتا پھرے اور میں اس کو دیکھا کروں

نمائش غم صحرا میں اس پہ سایا کروں

بہ رنگ خواب رکے پانیوں کو چکھا کروں

پرائے باغوں پہ ابر رواں کا سایہ رہے

کھلا ہو صحن ہوا خواہشوں کی بات سنے

ادھڑتا رنگ مہکتے گلوں میں خون بھرے

جسے میں ڈھونڈ رہا ہوں اسے کوئی نہ ملے

یہ ایک لمحہ ٹھہر جائے ختم رات نہ ہو

سفر سے لوٹوں تو کوئی بھی میرے سات نہ ہو

مزید غزلیں از سبط احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں