پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سبط علی صبا کی غزلیں — Sibt Ali Saba Ghazals

سبط علی صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ملبوس جب ہوا نے بدن سے چرا لیے (غزل)

ملبوس جب ہوا نے بدن سے چرا لیے

دوشیزگان صبح نے چہرے چھپا لیے

ہم نے تو اپنے جسم پہ زخموں کے آئنے

ہر حادثے کی یاد سمجھ کے سجا لیے

میزان عدل تیرا جھکاؤ ہے جس طرف

اس سمت سے دلوں نے بڑے زخم کھا لیے

دیوار کیا گری مرے خستہ مکان کی

لوگوں نے میرے صحن میں رستے بنا لیے

لوگوں کی چادروں پہ بناتی رہی وہ پھول

پیوند اس نے اپنی قبا میں سجا لیے

ہر مرحلہ کے دوش پہ ترکش کو دیکھ کر

ماؤں نے اپنی گود میں بچے چھپا لیے

جلتے جلتے بجھ گئی اک موم بتی رات کو (غزل)

جلتے جلتے بجھ گئی اک موم بتی رات کو

مر گئی فاقہ زدہ معصوم بچی رات کو

آندھیوں سے کیا بچاتی پھول کو کانٹوں کی باڑ

صحن میں بکھری ہوئی تھی پتی پتی رات کو

کتنا بوسیدہ دریدہ پیرہن ہے زیب تن

وہ جو چرخہ کاٹتی رہتی ہے لڑکی رات کو

صحن میں اک شور سا ہر آنکھ ہے حیرت زدہ

چوڑیاں سب توڑ دیں دلہن نے پہلی رات کو

جب چلی ٹھنڈی ہوا بچہ ٹھٹھر کر رہ گیا

ماں نے اپنے لال کی تختی جلا دی رات کو

وقت تو ہر ایک در پر دستکیں دیتا رہا

ایک ساعت کے لیے جاگی نہ بستی رات کو

مرغزار شاعری میں گم رہا سبطؔ علی

سو گئی رہ دیکھتے بیمار بیوی رات کو