شیاما سنگھ صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ستم کرنے والے ستم کر رہے ہیں (غزل)
ستم کرنے والے ستم کر رہے ہیں
ہم اہل کرم ہیں کرم کر رہے ہیں
ستم گر کی آنکھوں کو نم کر رہے ہیں
جو مشکل تھا وہ کام ہم کر رہے ہیں
خدا ان کو رحمت سے کیسے نوازے
جو سر اپنا ہر در پہ خم کر رہے ہیں
بہت یاد آتے ہیں ماضی کے جھونکے
وہی میری آنکھوں کو نم کر رہے ہیں
ضرور اس میں ہے مصلحت کوئی ورنہ
وہ کیوں مجھ پہ اتنا کرم کر رہے ہیں
اجالا ہے محفل میں جن کی بدولت
انہیں آپ محفل سے کم کر رہے ہیں
نگاہوں میں اس کا تصور بھی رکھیے
اگر آپ سر اپنا خم کر رہے ہیں
ایسی وفا کرو کے وفا بولنے لگے (غزل)
ایسی وفا کرو کے وفا بولنے لگے
مٹھی کی کنکری بھی خدا بولنے لگے
ہمت کے وہ چراغ جلاؤ حیات میں
نظریں جھکا کے جن سے ہوا بولنے لگے
شرمندگی کے اشک بہاؤ کچھ اس طرح
معبود کے کرم کی عطا بولنے لگے
میں بولتی نہیں ہوں تو اللہ سے ڈرو
ایسا نہ ہو تمہاری جفا بولنے لگے
جب سامنے آئے تو وہ شکوہ نہ کر سکے
کیا بولنے کو آئے تھے کیا بولنے لگے