پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیام وششٹ شاہد کی غزلیں — Shyam Vashishtha Shahid Ghazals

شیام وششٹ شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس لئے موسم سہانا ہو گیا (غزل)

اس لئے موسم سہانا ہو گیا

چاند کے گھر آنا جانا ہو گیا

کیوں بچھڑتا ہی نہیں مجھ سے کبھی

وہ جسے بچھڑے زمانا ہو گیا

قسمتوں والا ہے یارو وہ شجر

جو پرندوں کا ٹھکانا ہو گیا

تیر کرنے کو تمہارے کامیاب

دل مرا خود ہی نشانا ہو گیا

بارہا میرا منا لینا انہیں

روٹھ جانے کا بہانا ہو گیا

ان کی آنکھوں میں رہا کرتے تھے ہم

چھوڑیے قصہ پرانا ہو گیا

ہو گیا اقرار جب انکار سے

اور بھی مشکل نبھانا ہو گیا

دل کے کونے میں چھپا رہتا تھا جو

اب وہ بچہ بھی سیانا ہو گیا

جو غلط ہے وہ سہی ہو جائے گا (غزل)

جو غلط ہے وہ سہی ہو جائے گا

آدمی جب آدمی ہو جائے گا

گر سمندر کی طرف چلتا رہا

بہتے بہتے تو ندی ہو جائے گا

وقت کی شاخوں سے جو ٹوٹا نہیں

وہ ہر اک لمحہ صدی ہو جائے گا

کام تیرا رک گیا تو فکر کیا

اب نہیں تو پھر کبھی ہو جائے گا

جو سمے کی تال کا سر بن گیا

وہ سمے کی بانسری ہو جائے گا

زندگی کی قدر کرنا سیکھ لے

تو کسی کی زندگی ہو جائے گا

مزید غزلیں از شیام وششٹ شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں