پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شویتا شریواستو کی غزلیں — Shweta Srivastava Ghazals

شویتا شریواستو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں جب بے خودی سی رہتی ہے (غزل)

دل میں جب بے خودی سی رہتی ہے

ہر طرف تیرگی سی رہتی ہے

آنکھ میں اک نمی سی رہتی ہے

کیوں ادھوری خوشی سی رہتی ہے

مطمئن ہوں مگر نہ جانے کیوں

زیست میں کچھ کمی سی رہتی ہے

موج دریا کی ان صداؤں میں

کس قدر تشنگی سی رہتی ہے

جب تصور میں کوئی آتا ہے

دیر تک روشنی سی رہتی ہے

دیکھنا اس محل کی کھڑکی میں

ایک لڑکی کھڑی سی رہتی ہے

دیکھ کر اس کو دل کی دل جانے

عقل بھی سوچتی سی رہتی ہے

تم نہ آؤ گے جانتی ہوں مگر

آس دل میں لگی سی رہتی ہے

دیکھ کر نفرتوں کی دنیا کو

یہ ازل اب ڈری سی رہتی ہے

ہم سے مت پوچھیے زمانے کی (غزل)

ہم سے مت پوچھیے زمانے کی

ہم کو عادت ہے بھول جانے کی

کچھ تو ہم بھی اداس رہتے ہیں

اور چاہت ہے چوٹ کھانے کی

جب منا لینا میری فطرت ہے

ان کو کیوں ضد ہے روٹھ جانے کی

ہم تو راضی تھے ساری شرطوں پر

کیا ضرورت تھی آزمانے کی

زخم دل آنکھوں میں مری دیکھو

دل کہاں چیز ہے دکھانے کی

اک ہنسی آتی ہے مرے لب پر

بات کرتے ہو جب بہانے کی

مزید غزلیں از شویتا شریواستو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں