پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیام سندر نندا نور کی غزلیں — Shyam Sundar Nanda Noor Ghazals

شیام سندر نندا نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے ملنے سے ہم کو خوشی مل گئی (غزل)

تیرے ملنے سے ہم کو خوشی مل گئی

یوں لگا اک نئی زندگی مل گئی

آپ کے دم سے ہے زندگی زندگی

آپ کیا مل گئے زندگی مل گئی

ہم تو تنہا چلے تھے مگر راہ میں

مل گئے ہم سفر دوستی مل گئی

لوگ تاریکیوں میں بھٹکتے رہے

دل جلا کر ہمیں روشنی مل گئی

زر ملا ہے کسی کو کسی کو زمیں

تیرے در کی ہمیں بندگی مل گئی

آپ کا پیار جب سے ملا ہے ہمیں

مٹ گئے سارے غم ہر خوشی مل گئی

اور کیا چاہیئے تیرے در سے ہمیں

دل کو چھوتی ہوئی شاعری مل گئی

مسئلے کا حل نہ نکلا دیر تک (غزل)

مسئلے کا حل نہ نکلا دیر تک

رات بھر جاگ بھی سوچا دیر تک

مسکرا کر اس نے دیکھا دیر تک

دل ہمارا آج دھڑکا دیر تک

آپ آئے ہیں تو یہ آیا خیال

بام پر کیوں پنچھی چہکا دیر تک

ٹوٹتے ہی ان سے امید وفا

دل ہمارا پھر نہ دھڑکا دیر تک

پھول اپنے رس سے ونچت ہو گیا

پھول پر بھنورا جو بیٹھا دیر تک

کھل گیا اس کی وفاؤں کا بھرم

دے نہ پایا مجھ کو دھوکا دیر تک

ناز سے وہ زلف سلجھاتے رہے

چھت پہ میری چاند چمکا دیر تک

جس جگہ انسان کی عزت نہ ہو

اس جگہ پھر کیا ٹھہرنا دیر تک

خوب رویا میں کسی کی یاد میں

اب کی بادل خوب برسا دیر تک

چل دیا وہ سب کو تنہا چھوڑ کر

کاش وہ دنیا میں رہتا دیر تک

وہ چھڑا کر اپنا دامن چل دیئے

رہ گیا میں ہاتھ ملتا دیر تک

زہر سے لبریز ساغر کا مزہ

پیار میں ہم نے بھی چکھا دیر تک

یہ زمانہ بے وفا ہے نورؔ جی

کب کسی کا ساتھ دے گا دیر تک

مزید غزلیں از شیام سندر نندا نور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں