شویتا غزل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آہ کوئی سینہ میں کچھ دبی سی لگتی ہے (غزل)
آہ کوئی سینہ میں کچھ دبی سی لگتی ہے
زندگی تو آج اتنی کیوں بجھی سی لگتی ہے
ہاتھ ہی ملاتے ہیں وہ گلے نہیں ملتے
ان کے پیار میں مجھ کو کچھ کمی سی لگتی ہے
آفتاب کی کرنیں یا ہے قید انگوری
وہ جو بند بوتل میں روشنی سی لگتی ہے
اجنبی مسافر سے نام پوچھ لیتی ہے
شہر کی وہ اک لڑکی منچلی سی لگتی ہے
وقت نے نوازا کیا میرے ہم نواؤں کو
اب انہیں مری صورت اجنبی سی لگتی ہے
تو بھی اک وسیلہ ہے رب کو راضی کرنے کا
ماں مجھے تری خدمت بندگی سی لگتی ہے
دوستوں سے زخم اتنے اے غزلؔ ملے مجھ کو
دوستی بھی اب مجھ کو دشمنی سی لگتی ہے
ہم کو تو کبھی راس وفا بھی نہیں آتی (غزل)
ہم کو تو کبھی راس وفا بھی نہیں آتی
دل توڑنے والوں کو حیا بھی نہیں آتی
جس دن سے گیا ہے وہ مجھے چھوڑ کے تنہا
اس دن سے مجھے نیند ذرا بھی نہیں آتی
ناکامئ الفت کا ستاتا ہیں جنہیں غم
گھٹ گھٹ کے وہ جیتے ہیں قضا بھی نہیں آتی
کیسے تجھے بھولے گا یہ بیمار محبت
یہ روگ ہے وہ جس کی دوا بھی نہیں آتی
جب بات وہ کرتے ہیں نگاہوں کی زباں سے
سن لیتے ہیں ہم کوئی سدا بھی نہیں آتی
ہیں چاروں طرف اونچے مکانوں کی قطاریں
کھڑکی سے کبھی تازا ہوا بھی نہیں آتی
لوگوں نے غزلؔ اس کو بٹھا رکھا ہے سر پہ
جس شخص کو جینے کی ادا بھی نہیں آتی