پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعور بلگرامی کی غزلیں — Shuoor Bilgrami Ghazals

شعور بلگرامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرتا ہے رحم کون کسی بے گناہ پر (غزل)

کرتا ہے رحم کون کسی بے گناہ پر

پڑتے ہیں تازیانے یہاں داد خواہ پر

شکوہ ہے بے وفائی جاناں کا اس قدر

ہم مر چلے ہنوز نہ آئے وہ راہ پر

دل خود ہوا اسیر زنخدان یار میں

لاتی ہے تشنگی ہی پیاسے کو چاہ پر

شبنم کو محو کرتا ہے جس طرح آفتاب

یارب نگاہ مہر ہو میرے گناہ پر

عاشق پہ رحم کر شہ خوباں اگر ہے تو

واجب ہے شفقت غربا بادشاہ پر

وہ چہرۂ کتابی ہے زلف دوتا میں یوں

مصحف کو جیسے رکھتے ہیں دست گواہ پر

تجھ تک گزر کسی کا اے گل بدن نہ دیکھا (غزل)

تجھ تک گزر کسی کا اے گل بدن نہ دیکھا

باد صبا نے اب تک تیرا چمن نہ دیکھا

میلا ہو رنگ اس کا گر چاندنی میں نکلے

چشم فلک نے ایسا نازک بدن نہ دیکھا

عریاں نہ وہ نہایا حمام ہو کہ دریا

چشم حباب نے بھی اس کا بدن نہ دیکھا

ملتی ہے میرے دل کو قاتل کی خوش خرامی

دیکھا زمانہ لیکن ایسا چلن نہ دیکھا

سو سو کیے بہانے جب روز وعدہ آیا

اے حیلہ ساز تجھ سا پیماں شکن نہ دیکھا

قصے سنے ہزاروں تصویریں دیکھیں لاکھوں

سج دھج سنی نہ ایسی یہ بانکپن نہ دیکھا

مزید غزلیں از شعور بلگرامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں