پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمامہ افق کی غزلیں — Shumama Ufuq Ghazals

شمامہ افق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں رنگ برنگی مورنی مرے پنکھ بہت ممتاز (غزل)

میں رنگ برنگی مورنی مرے پنکھ بہت ممتاز

مرا رقص انوکھا رقص ہے مجھے اپنے آپ پہ ناز

میں سبز رتوں کی راز داں میں پت جھڑ کی ہمدرد

میں اپنی آپ مثال ہوں میرا ایک جدا انداز

میں دھانی شام کا روپ بھی میں صبح کی کومل دھوپ

مجھے دیکھ کے کوئل گائے تو ہر پات بجائے ساز

میں مست الست فقیرنی ناچوں گی ترے دوار

مری چھتری بن جا سائیاں مجھے اپنا عشق نواز

میں وارث شاہ کی ہیر ہوں مرے روپ ہیں ایک ہزار

مرا نام شمامہؔ افق ہے مہکاروں کی آواز

خوبیوں خامیوں اچھی بری عادات سمیت (غزل)

خوبیوں خامیوں اچھی بری عادات سمیت

بول منظور ہوں میں سارے تضادات سمیت

جھانک سکتے ہو اگر نیند کی وادی سے پرے

دیکھ سکتے ہو مجھے خواب و خیالات سمیت

بوڑھے برگد کے جھکے شانے بتاتے ہیں مجھے

اس نے ڈھویا ہے کہانی کو روایات سمیت

پیڑ کا سایہ نہیں پھل بھی ضرورت ہے مری

دل بھی درکار ہے تیرا مجھے دن رات سمیت

جتنی دنیاؤں کو تم ڈھونڈ رہے ہو باہر

میرے کمرے میں ہیں بند ارض و سماوات سمیت

شہر والوں کو پرکھنا کوئی مشکل تو نہیں

باتوں باتوں ہی میں کھل جاتے ہیں اوقات سمیت

اس کے چھوتے ہی بدن ایسے چمک اٹھتا ہے

جیسے جل اٹھے کوئی شہر مضافات سمیت

گم شدہ لوگ آخر کہاں جاتے ہیں (نظم)

گم شدہ لوگ آخر کہاں جاتے ہیں

شام ہوتے ہی پنچھی بھی لوٹ آتے ہیں

رات آتے ہی تارے نکل آتے ہیں

چاند ڈوبے تو وہ بھی ابھر آتے ہیں

شب ڈھلے آفتابی ضیا ٹوٹ آتی ہے

اور آندھیاں جتنی مرضی چلیں آخر کار رکتی ہیں

جتنی بھی کالی گھٹائیں ڈرائیں

مگر آسمانوں سے بادل بھی چھٹ جاتے ہیں

گمشدہ لوگ بادل گھٹا چاند تاروں

پرندوں ہوا کے یہاں آتے ہیں

گمشدہ لوگ پھر سے کہاں آتے ہیں

مزید غزلیں از شمامہ افق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں