پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمائلہ حسین کی غزلیں — Shumaila Husain Ghazals

شمائلہ حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں شہر زاد کا ہی کوئی جنم ہوں (نظم)

میں شہر زاد کا ہی کوئی جنم ہوں

کون سا

نہیں جانتی

لیکن میں نے اپنے شاہ کو

ہزار راتوں سے کچھ اوپر باتوں میں الجھائے رکھا

قصہ لمبی راتوں پر پھیلائے رکھا

میری کہانی کا دل دادہ آخر اک دن اوب گیا

میں بھی قصہ گھڑتے گھڑتے بوڑھی ہو گئی

دانائی کا سورج میرے سر کے اندر بجھتا گیا

اور آنکھیں نور سے خالی ہو گئیں

شوق بھی مرتے سگ کی مانند قریہ قریہ گھوم تھکا

آواز میری اکتاہٹ کی بھینٹ چڑھی

میں اس کی شیریں لب ملکہ

منہ میں کانٹے اگ آنے کی بیماری میں گونگی ہو گئی

جسموں سانسوں اور آنکھوں کی ایک کہانی کتنے ضمنی قصوں اندر زندہ رہتی

بس پھر کیا

مجھ کو یعنی شہر زاد کو موت نے گھیرا

مجھ میں کہانی مرنے لگی تھی

لیکن جان بچانے بھاگی

اور اب

نئے دیس میں نئے شاہ کے محل کے اندر زندہ ہوں

نئی کہانی شروع ہوئی ہے

دیکھو کب تک چلتی ہے

مزید غزلیں از شمائلہ حسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں