شمائلہ بہزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہارے نام کر بیٹھے دل و جاں کی خوشی صاحب (غزل)
تمہارے نام کر بیٹھے دل و جاں کی خوشی صاحب
حسین و دل نشیں لگتی ہے اب تو زندگی صاحب
ملن کی ساعتوں میں جاں فزا خوشبو انوکھی ہے
ہمہ دم رقص کرتی ہے عجب اک بے خودی صاحب
تر و تازہ ہوئی مٹی مری بس ایک لمحے میں
ہنر اب آزماؤ اور کرو کوزہ گری صاحب
تمہارے ایک حرف خوش نما پر وار دوں غزلیں
سخن کی جان ہو تم اور قلم کی روشنی صاحب
ستارے گیت گاتے ہیں سمندر رقص کرتا ہے
مکمل ہو گئے ہم تم نہیں کوئی کمی صاحب
یہی سچ ہے کہ ہم تم مختلف ہیں اور لوگوں سے
زمانے میں مثالی ہے ہماری ہمرہی صاحب
کہ جب بھی ہاتھ میرے بارگاہ رب میں اٹھتے ہیں
تشکر لب پہ ہوتا ہے نگاہوں میں نمی صاحب
اداسی کے دلدل میں گرتا ہوا دل (غزل)
اداسی کے دلدل میں گرتا ہوا دل
بچاؤں میں کیسے یہ مرتا ہوا دل
میں اس کی محبت میں لبریز دریا
وہ مجھ میں اتر کے ابھرتا ہوا دل
ستارے خلا سے ابھی توڑ لاؤں
مگر آسماں سے یہ ڈرتا ہوا دل
کبھی تم نے دیکھا ہے بولو بتاؤ
کسی آئنے میں سنورتا ہوا دل
عیاں اس کی آنکھوں کی شفافیت میں
دھلے پانیوں سا نکھرتا ہوا دل
اٹکتا سنبھلتا سنبھل کے ٹھہرتا
کٹھن راستوں سے گزرتا ہوا دل
جتن لاکھ کر لو نہ آئے گا قابو
ہے اک موج سرکش بپھرتا ہوا دل
مصرعے دم پہ رکھ دیتی ہوں (نظم)
مصرعے دم پہ رکھ دیتی ہوں
چاول قاب میں بھیگ چکے ہیں
روٹی بیلن کے نیچے ہے
پیاز کا تڑکا دال پہ ڈال کے
چاول پکنے رکھے ہیں
کیٹل میں ہے چائے چڑھائی
جب تک چائے میں بھانپ بنے
میں مصرعے دم پہ رکھ دیتی ہوں
اور اسی اثنا میں برتن
دسترخوان پہ چن دیتی ہوں
دسترخوان پہ کپ پلیٹوں اور چمچوں کے شور میں مصرعے
کچے پکے رہتے ہیں
ایک سکوں کا پل ملتے ہی سوچ کی ہنڈیا کھولوں گی اور اک اک کر کے
دھیمی آنچ پہ سارے مصرعے سینکوں گی
تو سب نظمیں بن جائیں گی