شجاعت اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حور ہو یا کوئی پری ہو تم (غزل)
حور ہو یا کوئی پری ہو تم
کیسے دل میں اتر گئی ہو تم
تیری آنکھوں میں نیلے دریا ہیں
میرے خوابوں کی جل پری ہو تم
زندگی بھی تو عارضی ٹھہری
کیسے کہہ دوں کہ زندگی ہو تم
تم مری نظم ہو تخیل ہو
میری اردو ہو شاعری ہو تم
دیکھ جگنو بھی تم سے جلتے ہیں
چاند نگری کی چاندنی ہو تم
آئنہ خانہ بن گئی آنکھیں
سامنے ہو بہ ہو کھڑی ہو تم
مجھ سے گویائی چھن گئی میری
جب سے پتھر کی بن گئی ہو تم
آخری بار دیکھ لوں تم کو
کیا پلٹ کر بھی دیکھتی ہو تم
آج دل نے تمہیں بہت ڈھونڈا
ایسے لگتا ہے جا چکی ہو تم
آج دیکھا جو کوئی شخص دیوانہ مرے دوست (غزل)
آج دیکھا جو کوئی شخص دیوانہ مرے دوست
یاد پھر آیا مجھے میرا فسانہ مرے دوست
میں ترے ہجر میں چپ چاپ چلے جاتا ہوں
دل کو آتا ہے کہاں کوئی بہانہ مرے دوست
خود سے نکلوں تو نئے شہر کا نقشہ دیکھوں
اک زمانے سے ہوں محروم زمانہ مرے دوست
دل کی بستی میں فقط آخری تم ہی ہو مکیں
ایک اک کر کے ہوئے دل سے روانہ مرے دوست
ہم سے آنکھیں نہ ملاؤ کہ ہم آوارا ہیں
ایسے لوگوں کا کہاں ایک ٹھکانہ مرے دوست
مجھے آواز نا دینا (نظم)
مجھے آواز نا دینا
پلٹ کر میں نہ آ جاؤں
مجھے سب یاد ہیں رستے
میں تجھ تک آ بھی سکتا ہوں
اگر وہ سحر کی
نگری جہاں دروازے جادو کے
جو میرے چھونے سے کھلتے ہیں گر پھر چھو لیا میں نے انہی میں سے کسی کو تو
میں اندر آ بھی سکتا ہوں
مجھے تم راستہ نا دو