شجاعت علی راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لطیف ایسی کچھ اس دل کی شیشہ کاری تھی (غزل)
لطیف ایسی کچھ اس دل کی شیشہ کاری تھی
کہ ایک رات بھی ہم اہل دل پہ بھاری تھی
ہزار معرکے سر کر کے لوگ ہار گئے
حسین ابن علی! فتح تو تمہاری تھی
اسی کے سائے میں سستائے اس کے بیری بھی
اس آدمی میں درختوں سی بردباری تھی
لہو کی آگ میں دل جھلسا جھلسا جاتا تھا
دریچہ کھول کے دیکھا تو برف باری تھی
قتیل ہو کے بھی میں اپنے قاتلوں سے لڑا
کہ میرے بعد مرے دوستوں کی باری تھی
شجر پہ بوزنے بیٹھے انہیں بلاتے تھے
مگر پرندوں کی پرواز ناز جاری تھی
ہر ایک ضرب کو دل سہ گیا مگر راہیؔ
جو دست گل کے سبب تھی وہ ضرب کاری تھی
رکا تو راز کھلا کب سے اپنے گھر میں تھا (غزل)
رکا تو راز کھلا کب سے اپنے گھر میں تھا
کہ میرا گھر تو مری حالت سفر میں تھا
بہت عجیب سا دکھ تھا جو تو نے مجھ کو دیا
کہ اک تبسم مخفی بھی چشم تر میں تھا
عراق و شام کے پردے میں بے نقاب ہوا
تمام دہر کا دکھ ایک ننگے سر میں تھا
قدم عروس وفا کے کہاں کہاں پہنچے
حنا کا رنگ ستاروں کی رہ گزر میں تھا
بس ایک جرأت رندانہ عرصۂ شب میں
پلک جھپکتے ہی میں عرصۂ سحر میں تھا
ہزار رنگ تھے اس کے ہزار پہلو تھے
جدا جدا وہ جھلکتا نظر نظر میں تھا
بہ فیض بار ملامت جھکی کمر میری
ہرا شجر تھا مگر شہر بے ثمر میں تھا