پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شجاع خاور کی غزلیں — Shuja Khaavar Ghazals

شجاع خاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوست کا گھر اور دشمن کا پتہ معلوم ہے (غزل)

دوست کا گھر اور دشمن کا پتہ معلوم ہے

زندگی ہم کو ترا یہ سلسلہ معلوم ہے

زندگی جا ہم بھی کوئے آرزو تک آ گئے

اس کے آگے ہم کو سارا راستہ معلوم ہے

کیا منجم سے کریں ہم اپنے مستقبل کی بات

حال کے بارے میں ہم کو کون سا معلوم ہے

یا تو جو نافہم ہیں وہ بولتے ہیں ان دنوں

یا جنہیں خاموش رہنے کی سزا معلوم ہے

شعر پر تو آپ کی قدرت مسلم ہے شجاعؔ

اس زمانے کا بھی کچھ اچھا برا معلوم ہے

یہاں تو قافلے بھر کو اکیلا چھوڑ دیتے ہیں (غزل)

یہاں تو قافلے بھر کو اکیلا چھوڑ دیتے ہیں

سبھی چلتے ہوں جس پر ہم وہ رستہ چھوڑ دیتے ہیں

قلم میں زور جتنا ہے جدائی کی بدولت ہے

ملن کے بعد لکھنے والے لکھنا چھوڑ دیتے ہیں

کبھی سیراب کر جاتا ہے ہم کو ابر کا منظر

کبھی ساون برس کر بھی پیاسا چھوڑ دیتے ہیں

زمیں کے مسئلوں کا حل اگر یوں ہی نکلتا ہے

تو لو جی آج سے ہم تم سے ملنا چھوڑ دیتے ہیں

مہذب دوست آخر ہم سے برہم کیوں نہیں ہوں گے

سگ اظہار کو ہم بھی تو کھلا چھوڑ دیتے ہیں

جو زندہ ہو اسے تو مار دیتے ہیں جہاں والے

جو مرنا چاہتا ہو اس کو زندہ چھوڑ دیتے ہیں

مکمل خود تو ہو جاتے ہیں سب کردار آخر میں

مگر کم بخت قاری کو ادھورا چھوڑ دیتے ہیں

وہ ننگ آدمیت ہی سہی پر یہ بتا اے دل

پرانے دوستوں کو اس طرح کیا چھوڑ دیتے ہیں

یہ دنیا داری اور عرفان کا دعویٰ شجاعؔ خاور

میاں عرفان ہو جائے تو دنیا چھوڑ دیتے ہیں

مزید غزلیں از شجاع خاور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں