شجاع فرّخی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنوں نے کیوں زخم لگائے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ (غزل)
اپنوں نے کیوں زخم لگائے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ
کیوں یہ ایسے موسم آئے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ
ڈوب گیا کیوں روشن سورج تاریکی کے غاروں میں
ظلم کے بادل کیوں لہرائے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ
خوں دے کر گلزار کیا ہے گلشن کے ہر خطے کو
امن و اماں کیوں راہ نہ پائے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ
آنکھوں کے سب موتی دانے آئینے ہیں باطن کے
گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ
خوشیوں کی اک نار نویلی چھم چھم ناچے محلوں میں
اپنے گھر تک کیسے آئے میں بھی سوچوں تو بھی سوچ
مٹانے اہل حق کو جھوٹ کے لشکر نکل آئے (غزل)
مٹانے اہل حق کو جھوٹ کے لشکر نکل آئے
اجالوں کے مقابل رات کے منظر نکل آئے
ہمارے حکمراں کو کس گھڑی انصاف کی سوجھی
کہ دریا جب کنارے توڑ کر باہر نکل آئے
نمو کی رت تمہارے شہر میں سب کے لیے کب تھی
ہوا نے چھو لیا جس کو اسی کے پر نکل آئے
یہی ڈر صفحہۂ آخر پہ کلنڈر کے لکھا ہے
دسمبر سا کہیں کوئی نہ پھر منظر نکل آئے
میں خود کو دوستوں کے درمیاں محسوس کرتا تھا
مگر جب شب ہوئی چاروں طرف خنجر نکل آئے
لہو بو کر ہمیں امید تھی پھولوں کے کھلنے کی
مگر مٹی سے پھولوں کی جگہ پتھر نکل آئے
مسیحا جن کو سمجھا تھا مری سادہ مزاجی نے
انہیں کی آستیں سے دیکھیے خنجر نکل آئے
ایک تہذیب مشترک کا امیں (نظم)
ایک تہذیب مشترک کا امیں
فکر و فن کی لطافتوں کا شعور
جذب دل کا مزاج داں فن کار
روح احساس گرمئ رفتار
پردۂ ساز حرف موسیقی
تند راگوں کا ناچتا شعلہ
نرم گیتوں کی اجنبی خوشبو
وقت کی لہر لہر کا مدرک
جاگتے موسموں کا آئینہ
اپنے لمحات عصر کی تفسیر
یعنی رنج و نشاط کی تصویر
زندگی کا جمال شعلہ صفت
بادۂ آگہی سے مست و الست
بزم انسانیت کا ایک چراغ
فلسفی کی نگاہ با مقصد
آرزوؤں کا دل نشیں عنواں
ایک مجموعہ علم و دانش کا
ایک صوفی مزاج اہل سخن
دولت نغمہ ایک موسیقار
یعنی خسروؔ وہ شعر کا معیار
جس کی فکروں سے روح ہو بیدار
وقت کی سرحدیں پھلانگ کے آج
ہم میں پھر آ گیا ہے وہ فن کار