شجاع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گل بھیک میں لیتے ہیں جس پھول سے رعنائی (غزل)
گل بھیک میں لیتے ہیں جس پھول سے رعنائی
ہم کو بھی میسر ہے اس نام سے تنہائی
دونوں کے مقدر کی گردش ہی نرالی ہے
یہ قلب تھکا ہارا وہ لالۂ صحرائی
کیوں خلق کا شوق آیا کوئی کبر سے جا پوچھے
کیا چیز تھی تنہائی؟ کیا خوب تھی یکتائی؟
یک طرفہ محبت کا ہر رنگ نرالا ہے
بیگانہ کرے جگ سے یہ رحمت رسوائی
تڑپے ہیں ملائک بھی وہ قہر تھا آنکھوں میں
دیکھا ترا شیدائی تو موت بھی گھبرائی
دم سادھے وہ شب آیا اک دیپ جلا لایا
تربت پہ اسیروں کی بجتی رہی شہنائی
اشک جو آنکھ میں ابلتے ہیں (غزل)
اشک جو آنکھ میں ابلتے ہیں
دیپ دل کے انہی سے جلتے ہیں
موسموں کا گلہ نہیں کرتے
گر کے جو آدمی سنبھلتے ہیں
غم جان بہار کے صدقے
غم جہاں کے اسی سے ٹلتے ہیں
ان کو آخر جنوں سے کیا حاصل
پیرہن روز جو بدلتے ہیں
ہم نے گرمیٔ شمع کیا کرنی
گرمیٔ شوق میں پگھلتے ہیں
واعظ نا سمجھ پئیں شربت
ہم کہاں خلد سے بہلتے ہیں
کیف و مستی شجاعؔ فلک تک ہے
درد یوں قلب میں مچلتے ہیں