پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبہ طراز کی غزلیں — Shubh Taraz Ghazals

شبہ طراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگانی کا کیا کریں صاحب (غزل)

زندگانی کا کیا کریں صاحب

رائیگانی کا کیا کریں صاحب

آپ کے حکم کے غلام ہوئے

حکمرانی کا کیا کریں صاحب

دل کے کھنڈرات ہم کو کافی ہیں

راجدھانی کا کیا کریں صاحب

ہم مکانوں کی قید کے پنچھی

لا مکانی کا کیا کریں صاحب

ظالموں کی مہان بستی میں

شادمانی کا کیا کریں صاحب

باغ سناٹا دھول اور پت جھڑ

باغبانی کا کیا کریں صاحب

آپ آئے تو ہیں کہانی میں

اب کہانی کا کیا کریں صاحب

دل ہے زندہ مگر دھڑکتا نہیں

آنجہانی کا کیا کریں صاحب

منزلوں سے پلٹ پلٹ جانا (غزل)

منزلوں سے پلٹ پلٹ جانا

وہ مرا راستوں میں مٹ جانا

کھوجنا خود ہی اک نیا رستہ

خود ہی اس راستے سے ہٹ جانا

پیڑ کی موت کی علامت ہے

دھوپ کا چھاؤں سے لپٹ جانا

وہ ترے زیر لب تبسم پر

دل سے غم کا غبار چھٹ جانا

وہ تری رہ گزر میں بیٹھے ہوئے

گرد سے منظروں کی اٹ جانا

دھوپ کا کھیل ہے فقط مختارؔ

سائے کا پھیلنا سمٹ جانا

مزید غزلیں از شبہ طراز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں