شروتی چھایا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کرتا ہے مجھ سے روز تو تکرار شکریہ (غزل)
کرتا ہے مجھ سے روز تو تکرار شکریہ
اس میں مہک رہا ہے ترا پیار شکریہ
جیسے لٹا رہا ہے وہ مجھ پر محبتیں
کرتی ہوں دل سے اس کا میں سو بار شکریہ
اس کی محبتوں پہ لٹا دوں یہ زندگی
جس نے دیا ہے مجھ کو یہ سنسار شکریہ
حاضر ہے میری جان بھی مرشد ترے لیے
تو نے کیے ہیں سوپن یہ ساکار شکریہ
مجھ کو تو شاعری کا نہیں تھا کوئی شعور
اب پا لیا مقام یہ سرکار شکریہ
ذرہ ذرہ سے یوں خدا نکلا (غزل)
ذرہ ذرہ سے یوں خدا نکلا
ایک تیرے مرے سوا نکلا
ہم جو بنتے تھے سر پھرے اتنے
کوئی ہم سے بھی سر پھرا نکلا
ہم نے کھودی کھدان ہیرے کی
اور قسمت میں کوئلہ نکلا
عشق بازی نہ چل سکی دو دن
لڑکا وہ عشق میں نیا نکلا
شوقیہ شعر کہہ رہے تھے ہم
لو جی اس میں بھی تو نشہ نکلا
بے مزہ چیزیں جب اکٹھی کیں
ہائے ان میں بھی اک مزہ نکلا
شخص وہ ہی تھا جان سے پیارا
اور وہ ہی تو بے وفا نکلا
اب بھی خود سے کہاں میں مل پائی
اب بھی کیا میرا بچپنا نکلا