پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوخ جی کی غزلیں — Shokh Ji Ghazals

شوخ جی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت میں مرے سر پر یہی الزام لازم تھا (غزل)

محبت میں مرے سر پر یہی الزام لازم تھا

زمانے بھر میں ہو جانا مرا بدنام لازم تھا

سناؤں تشنگی کا حال کیا زندہ ہوں میں اب تک

مرے ہونٹوں پہ ہر لمحہ تمہارا نام لازم تھا

نچوڑا ہے لہو اپنا لکھے تب شعر ہیں میں نے

کہیں پر وزن لازم تھا کہیں الہام لازم تھا

ہزاروں خواہشوں کا گھر خریدے کون اب اس کو

بھرے بازار میں دل کا پرانا دام لازم تھا

نشہ چڑھنا بھی لازم تھا بھری محفل میں اے لوگو

پلا دینا وہ ساقی کا مجھے بھی جام لازم تھا

بہت عرصہ ہوا اب تو جہاں سے شوخؔ کو گزرے

بہت گستاخ تھا اس کا یہی انجام لازم تھا

لبوں پر شعر آنے میں کہاں اب دیر لگتی ہے (غزل)

لبوں پر شعر آنے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

غزل کوئی سنانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

فقط آنکھیں ملانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

محبت کو بڑھانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

زباں سے بات نکلی ہو وہ پوری ہو نہ ہو صاحب

قسم یوں ہی اٹھانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

روایت ہو گئی اب تو محبت کرنے ہونے میں

کسی کا دل دکھانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

یہ تنہائی اداسی اب مرا معمول ہے یارو

دو چار آنسو بہانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

نہاں باتیں ہوں جتنی بھی فقط پکا ارادہ ہو

حقیقت کو دکھانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

ذرا سی آگ بھڑکا کر جلا دو خود کو پھر اس میں

سبھی سپنے جلانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

جہاں جانا ہو نا ممکن مگر اب شوخؔ جی ہم کو

وہاں پر آنے جانے میں کہاں اب دیر لگتی ہے

مزید غزلیں از شوخ جی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں