پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعلہؔ علی گڑھ کی غزلیں — Shola Aligarhi Ghazals

شعلہؔ علی گڑھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے حضرت عیسیٰ نہیں کچھ جائے سخن اب (غزل)

اے حضرت عیسیٰ نہیں کچھ جائے سخن اب

وہ آ گئے رکھوائیے تہہ کر کے کفن اب

سینچا گیا پھولا ہے نئے سر سے چمن اب

اشکوں نے کیے سبز مرے داغ کہن اب

وہ شوق اسیری کھلے گیسو کے شکن اب

ترسیں گے قفس کے لیے مرغان چمن اب

خاموشی نے معدوم کیا اور دہن اب

تم ہی کہو باقی رہی کیا جائے سخن اب

یاران وطن کو ہے غریبوں سے کنارہ

غربت کا تقاضا ہے کرو ترک وطن اب

سن لیجیے کچھ قصۂ بیتابیٔ دل کو

جو جی میں ہو کہہ لیجیے پھر مشفق من اب

سیماب بنایا بت ہجراں نے جگر کو

دل ٹھہرنے دیتی نہیں سینہ کی جلن اب

آخر کوئی حد بھی تری اے دوری غربت

مایوس ہوئے جاتے ہیں یاران وطن اب

کیا فکر ہے اے شعلہؔ پیو بادۂ رنگیں

ڈالو بھی کہیں بھاڑ میں یہ رنج و محن اب

نہ خون دل ہے نہ مے کا خمار آنکھوں میں (غزل)

نہ خون دل ہے نہ مے کا خمار آنکھوں میں

بسی ہوئی ہے تمہاری بہار آنکھوں میں

پھری ہیں پتلیاں بیگانہ وار آنکھوں میں

چھپا ہوا ہے کوئی پردہ دار آنکھوں میں

امید جلوۂ دیدار بعد مرگ کہاں

بھری ہے یاس نے خاک مزار آنکھوں میں

دیے بغیر ترے باغ میں گلوں نے داغ

چبھوئے نرگس شہلا نے خار آنکھوں میں

الٰہی دیدۂ حیراں کھلا نہ رہ جائے

ٹھہر نہ جائے کہیں انتظار آنکھوں میں

وہ رونے والا ہوں شعلہؔ کہ بعد مرگ مرا

بنائیں مردم دیدہ مزار آنکھوں میں

مزید غزلیں از شعلہؔ علی گڑھ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں