پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعیب بخاری کی غزلیں — Shoib Bukhari Ghazals

شعیب بخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی سراغ کوئی نقش پا نہیں ملتا (غزل)

کوئی سراغ کوئی نقش پا نہیں ملتا

تمہارے شہر کا اب راستہ نہیں ملتا

کہو تو تم کو خدا مان لیں محبت کا

کہ ہم کو تم سا کوئی دوسرا نہیں ملتا

یہ دشت ہجر کی وحشت ہے صاحبان وفا

یہاں کسی کو کوئی آسرا نہیں ملتا

سنو ہمیں ہی جلا دو کہ روشنی کے لیے

ہمارے شہر کو کوئی دیا نہیں ملتا

ہوا نے کر دیا پامال روشنی کا بدن

چراغ بام کا کوئی پتہ نہیں ملتا

ہمیں تو جس نے پکارا خدا لگا ہم کو

وہ کون لوگ ہیں جن کو خدا نہیں ملتا

جہاں پہ کاٹی تھی تعزیر آبلہ پائی

یہیں کہیں تھا کوئی دشت سا نہیں ملتا

عجیب شہر ہے کوفہ مزاج لوگوں کا

کوئی بھی شخص قرین وفا نہیں ملتا

یہ وحشتوں کو بڑھانے کا وقت ہے شہ جی

کہ خوشبوؤں کا کوئی سلسلہ نہیں ملتا

بھول بھی جائیں تجھے زخم پرانا بھی تو ہو (غزل)

بھول بھی جائیں تجھے زخم پرانا بھی تو ہو

جی بھی لیں جینے کو جینے کا بہانہ بھی تو ہو

ہم نے سیکھا ہی نہیں ترک مروت کا سبق

بات بڑھتی ہے مگر بات بڑھانا بھی تو ہو

اب کے مقتل کو کسی میلے کی زینت کر دو

پھر تماشہ جو سجے ساتھ زمانہ بھی تو ہو

دشت در دشت سہی آبلہ پائی ہی سہی

اور مسافت ہی سہی کوئی ٹھکانہ بھی تو ہو

آؤ یاران جفا! زخم کریدو دل کے

بزم یاراں ہے ذرا جلنا جلانا بھی تو ہو

شب کی ظلمت کی قسم شب میں اجالا کر دیں

ہم چراغوں سا جلیں تو کہیں آنا بھی تو ہو

ہم جو چاہیں تو ترا نقش مٹا دیں دل سے

ہاں مگر دل سے ترا نقش مٹانا بھی تو ہو

ہم کو مصلوب کرو لاشہ جلا دو چاہے

قبل تعزیر کوئی سننا سنانا بھی تو ہو

شاہ جی رات گئے دیر گئے تک بھٹکو

کیسی تاخیر کہیں لوٹ کے جانا بھی تو ہو

مزید غزلیں از شعیب بخاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں