پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعیب نظام کی غزلیں — Shoaib Nizam Ghazals

شعیب نظام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہاں رہنے میں دشواری بہت ہے (غزل)

یہاں رہنے میں دشواری بہت ہے

یہی مٹی مگر پیاری بہت ہے

ہوس سے ملتے جلتے عشق میں اب

جنوں کم ہے اداکاری بہت ہے

چلو اب عشق کا ہی کھیل کھیلیں

ادھر کچھ دن سے بیکاری بہت ہے

میں سائے کو اٹھانا چاہتا ہوں

اٹھا لیتا مگر بھاری بہت ہے

ادھر بھی خامشی کا شور برپا

ادھر سنتے ہیں تیاری بہت ہے

زباں سے سچ نکل جاتا ہے اکثر

ابھی ہم میں یہ بیماری بہت ہے

دنیا سے دنیا میں رہ کر کیسے کنارہ کر رکھا ہے (غزل)

دنیا سے دنیا میں رہ کر کیسے کنارہ کر رکھا ہے

دیکھ تو آ کر کس صورت سے ہم نے گزارہ کر رکھا ہے

پہلے تو ہم دنیا سمجھے لیکن اب احساس ہوا ہے

جوش جنوں میں ہم نے خود کو پارہ پارہ کر رکھا ہے

اتنا نور کہاں سے لاؤں تاریکی کے اس جنگل میں

دو جگنو ہی پاس تھے اپنے جن کو ستارہ کر رکھا ہے

دیکھ سکو تو دیکھ لو آ کر میرا کمال آخر بھی تم

شب کے رنگ سے ملتی لو کو کیسے شرارہ کر رکھا ہے

اتنے شوخ کہاں ہوتے تھے مجھ کو تو یوں لگتا ہے

رنگوں کو چپکے سے اس نے کوئی اشارہ کر رکھا ہے

مزید غزلیں از شعیب نظام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں