شعیب کیانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چھپ گئے سائے میں سائے میں اکیلا رہ گیا (غزل)
چھپ گئے سائے میں سائے میں اکیلا رہ گیا
اتنے گہرے ابر چھائے میں اکیلا رہ گیا
میں اکیلا رہ گیا تو میں نے کچھ رشتے بنائے
میں نے کچھ رشتے بنائے میں اکیلا رہ گیا
حلقۂ احباب کی موجودگی میں یوں ہوا
ایک دن بیٹھے بٹھائے میں اکیلا رہ گیا
کتنا مشکل ہے اگر اس جدتوں کے دور میں
کوئی مجھ کو ڈھونڈ لائے میں اکیلا رہ گیا
روشنی کی زد میں ہے یا تیرگی کی قید میں
تو کہاں ہے میرے سائے میں اکیلا رہ گیا
آپ سے پہلے کم از کم میں تو اپنے پاس تھا
آپ اتنے پاس آئے میں اکیلا رہ گیا
یہ گوارا ہی نہیں جو خود اکیلا ہو اسے
رو کے بتلاؤں کہ ہائے میں اکیلا رہ گیا
رد کے دور میں سب سے باغی عورت سے (غزل)
رد کے دور میں سب سے باغی عورت سے
عشق ہوا پرچم لہراتی عورت سے
مار دئے دیوار پہ سب کے سب بہتان
جتنے بھی منسوب تھے پہلی عورت سے
اپنی اس خامی کو کیسے دور کروں
تنگ ہو جاتا ہوں میں اچھی عورت سے
پہلے پرکھی اس کے رنگوں کی ترکیب
پھر شاعر نے نظم کشیدی عورت سے
اس کے چھوڑو کہنے پر ہی چھوڑ دیا
کیا ملنا تھا مجھ کو خالی عورت سے
حوروں کے چکر میں ہاتھ نہ دھو بیٹھو
چنچل شوخ اداؤں والی عورت سے
اصلی عورت سپنوں تک محدود ہوئی
کام چلایا مرد نے فرضی عورت سے
ذہنی معذوروں کا ڈرنا فطری ہے
سینہ تان کے چلنے والی عورت سے
ہمیں تو ہیں وہ (نظم)
ہمیں تو ہیں وہ
جو طے کریں گے
کہ ان کے جسموں پہ کس کا حق ہے
کہ کس سے ان کے نکاح ہوں گے
یہ کس کے بستر کی زینتیں ہیں
وہ کون ہوگا جو اپنے ہونٹوں کو
ان کے جسموں کی آب دے گا
بھلے محبت کسی کے کہنے پہ
آج تک ہو سکی نہ ہوگی
مگر یہ ہم طے کریں گے
ان کو کسے بسانا ہے اپنے دل میں
ہم ان کے مالک ہیں
جب بھی چاہیں
انہیں لحافوں میں کھینچ لائیں
اور ان کی روحوں میں دانت گاڑیں
یہ ماں بنیں گی
تو ہم بتائیں گے
ان کے جسموں نے کتنے بچوں کو ڈھالنا ہے
ہمارے بچوں کے پیٹ بھرنے
اگر یہ کوٹھے پہ جا کے اپنا بدن بھی بیچیں
کس کو کتنے میں کتنا بیچیں
ہمیں کو حق ہے
کہ ان کے گاہک جو خود ہمیں ہیں سے
ساری قیمت وصول کر لیں
ہمیں کو حق ہے کہ ان کی آنکھیں
حسین چہرے شفاف پاؤں
سفید رانیں دراز زلفیں
اور آتشیں لب دکھا دکھا کر
کریم صابن سفید کپڑے اور آم بیچیں
دکاں چلائیں نفع کمائیں
ہمیں تو ہیں جو یہ طے کریں گے
یہ کس صحیفے کی کون سی آیتیں پڑھیں گی
یہ کون ہوتی ہیں
اپنی مرضی کا رنگ پہنیں
اسکول جائیں ہمیں پڑھائیں
ہمیں بتائیں
کہ ان کا رب بھی وہی ہے جس نے ہمیں بنایا
برابری کے سبق سکھائیں
یہ لونڈیاں ہیں یہ جوتیاں ہیں
یہ کون ہوتی ہیں اپنی مرضی سے جینے والی
بتانے والے ہمیں یہی تو بتا گئے ہیں
جو حکمرانوں کی بات ٹالیں
جو اپنے بھائی سے حصہ مانگیں
جو شوہروں کو خدا نہ سمجھیں
جو قدرے مشکل سوال پوچھیں
جو اپنی محنت کا بدلہ مانگیں
جو آجروں سے زباں لڑائیں
جو اپنے جسموں پہ حق جتائیں
وہ بے حیا ہیں