شعیب بن عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں (غزل)
اب اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں
اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں
اب تو اس کی آنکھوں کے مے کدے میسر ہیں
پھر سکون ڈھونڈوگے ساغروں میں جاموں میں
دوستی کا دعویٰ کیا عاشقی سے کیا مطلب
میں ترے فقیروں میں میں ترے غلاموں میں
زندگی بکھرتی ہے شاعری نکھرتی ہے
دلبروں کی گلیوں میں دل لگی کے کاموں میں
جس طرح شعیبؔ اس کا نام چن لیا تم نے
اس نے بھی ہے چن رکھا ایک نام ناموں میں
دل آباد کا برباد بھی ہونا ضروری ہے (غزل)
دل آباد کا برباد بھی ہونا ضروری ہے
جسے پانا ضروری ہے اسے کھونا ضروری ہے
مکمل کس طرح ہوگا تماشہ برق و باراں کا
ترا ہنسنا ضروری ہے مرا رونا ضروری ہے
بہت سی سرخ آنکھیں شہر میں اچھی نہیں لگتیں
ترے جاگے ہوؤں کا دیر تک سونا ضروری ہے
کسی کی یاد سے اس عمر میں دل کی ملاقاتیں
ٹھٹھرتی شام میں اک دھوپ کا کونا ضروری ہے
یہ خود سر وقت لے جائے کہانی کو کہاں جانے
مصنف کا کسی کردار میں ہونا ضروری ہے
جناب دل بہت نازاں نہ ہوں داغ محبت پر
یہ دنیا ہے یہاں یہ داغ بھی دھونا ضروری ہے