پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعیب انیس کی غزلیں — Shoaib Anees Ghazals

شعیب انیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اسے جانے کی جلدی ہو رہی ہے (غزل)

اسے جانے کی جلدی ہو رہی ہے

مجھے کمبخت دیری ہو رہی ہے

تمہاری بات کچھ گرما رہی ہے

تمہاری چائے ٹھنڈی ہو رہی ہے

ہمارے بعد اب دل میں تمہارے

نئے لڑکوں کی بھرتی ہو رہی ہے

میں اس کا جنم دن کیا بھول بیٹھا

وہ مجھ پہ لال پیلی ہو رہی ہے

اضافہ عاشقوں میں ہو رہا ہے

محبت کی ترقی ہو رہی ہے

مرا مقصد اسے خوش دیکھنا تھا

وہ خوش ہے یہ تسلی ہو رہی ہے

نظر آتی بھی کیسے سادگی میں شخصیت میری (غزل)

نظر آتی بھی کیسے سادگی میں شخصیت میری

نہیں تھی آپ کی نظروں میں کوئی حیثیت میری

کسی کی آنکھ میں پھسلا کسی کے ہاتھ سے چھوٹا

مرے گرنے سے پہلے گر پڑی تھی اہمیت میری

مجھے دنیا کی رسم و راہ نے کچھ اس طرح مارا

مرے اندر ہی دب کے مر گئی معصومیت میری

مرے دل میں بھی آتا ہے ملوں اک دن کبھی خود سے

مجھے ملنے نہیں دیتی مگر مصروفیت میری

کسی کے بارے میں جب بھی برا کچھ سوچتا ہوں میں

مرے آگے کھڑی ہو جاتی ہے انسانیت میری

میں جیسا ہوں میں جو بھی ہوں یہی ہوں سامنے سب کے

میں سب کے سامنے رکھتا ہوں جو ہے اصلیت میری

ابھی زندہ ہوں تو آؤ نہ میرے غم کو تو سمجھو

تو پھر کیا لاش پر آؤ گے کرنے تعزیت میری

تو یہ ظاہر ہے میں بھی تو برا ہی آدمی بنتا

برے ماحول میں ہوتی اگر جو تربیت میری

مجھے دنیا نے ہے افسوس اس لائق نہیں سمجھا

نہ میرا حال ہی پوچھا نہ پوچھی خیریت میری

بنا دینا وہیں اک قبر میری ماں کے قدموں میں

یہی دو گز زمیں تو ہے فقط اک ملکیت میری

مزید غزلیں از شعیب انیس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں