شعیب اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رشک آتا ہے اس زمانے پر (غزل)
رشک آتا ہے اس زمانے پر
لوگ روتے تھے دکھ سنانے پر
کوئی پوچھے تو دل دکھانے پر
کیا گزرتی ہے اک دوانے پر
اس کے در پر ہی میرے جیسوں کی
سر بلندی ہے سر جھکانے پر
میری ہستی تو اک گھروندہ ہے
ٹوٹ جائے گی پھر بنانے پر
روٹھتے ہیں وہ بے سبب لیکن
مان جاتے ہیں پھر منانے پر
میکدے میں چراغ روشن ہے
تیرگی ہے کتاب خانے پر
کیا سبب ہے کہ سر مرا مجھ کو
بوجھ لگتا ہے میرے شانے پر
پریشانی ہماری کم نہیں ہے (غزل)
پریشانی ہماری کم نہیں ہے
اگرچہ فرصت ماتم نہیں ہے
ہمارا ایک ہی ہے آستانہ
یہ جملہ صاف ہے مبہم نہیں ہے
ہم آنکھوں سے زمانہ دیکھتے ہیں
ہمارے پاس جام جم نہیں ہے
تمام عالم ہو جس کے زیر سایہ
تمہارے پاس وہ پرچم نہیں ہے
ابھی سے آپ گھبرانے لگے ہیں
ابھی تو آنکھ بھی پرنم نہیں ہے
ملے گی ہم کو بھی منزل ہماری
ارادہ غیر مستحکم نہیں ہے
سوائے اس کے جس نے دل جلایا
کسی کے پاس بھی مرہم نہیں ہے
اندھیرا دور ہو جائے گا اخترؔ
چراغ عشق اب مدھم نہیں ہے