شعیب عدن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک کہانی کا اختتام ہوا (غزل)
اک کہانی کا اختتام ہوا
مسئلہ خیر سے تمام ہوا
اس کی تعظیم جب بجا لائے
دیکھنا بھی اسے حرام ہوا
ایک تیری گریز پائی سے
کیسی وحشت کا اہتمام ہوا
سب روایت کے ہو گئے منکر
یہ چلن دیکھ دیکھ عام ہوا
جس کو زنجیر سے محبت تھی
اک انوکھا یہاں غلام ہوا
لوٹ آئیں گے شام ہونے تک (غزل)
لوٹ آئیں گے شام ہونے تک
یعنی گریہ تمام ہونے تک
وہ کسی اور کی نہ ہو جائے
میرا دنیا میں نام ہونے تک
اس کے جلوے ہی ہو گئے معدوم
چاند کا احترام ہونے تک
عین ممکن ہے وہ چلا آئے
رعب کا انہدام ہونے تک
مطلبی ہیں ہمارے یار سبھی
پیار ہوتا ہے کام ہونے تک
ایک لمحے کا فاصلہ ہے عدنؔ
خاص ہونے سے عام ہونے تک
مزید غزلیں از شعیب عدن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں