پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمشاد حسین کی غزلیں — Shmashad Husain Ghazals

شمشاد حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بڑھتی ہوئی نفرت کو محبت سے مٹا دے (غزل)

بڑھتی ہوئی نفرت کو محبت سے مٹا دے

دنیا کو بھی جینے کا یہ انداز سکھا دے

جاتے ہوئے لمحوں کا ہے بس اتنا تقاضا

بجھتے ہوئے شعلوں کو نہ پھر کوئی ہوا دے

کچھ ایسی خطائیں ہیں جو ہو جاتی ہیں سب سے

مالک پہ یہ چھوڑا ہے وہ جو چاہے سزا دے

فرزانوں سے پوچھا تھا کہ کس بات پہ گم ہیں

کہنے لگے ہنس کے کوئی دیوانہ بنا دے

بے باک سی فطرت پہ انہیں ناز بہت ہے

تہذیبی تقاضے بھی ہیں کچھ ان کو بتا دے

سوچا تھا کہ ان کو کوئی پیغام نہ دیں گے

موسم کا تقاضا ہے کوئی ان کو بلا دے

گزرے ہوئے لمحوں کو اگر ڈر ہے تو اتنا

شمشادؔ انہیں ذہن سے اپنے نہ ہٹا دے

دل کی دھڑکن بھی جو سن لو تم مری آواز میں (غزل)

دل کی دھڑکن بھی جو سن لو تم مری آواز میں

تب تمہیں احساس ہوگا درد ہے اس ساز میں

بے وجہ تھک کر نہیں بیٹھے ہیں کچھ طائر یہاں

لگ گیا ہے کوئی گرہن ان کی بھی پرواز میں

اس جہاں کی بزم سے وہ شخص پیاسا جائے گا

فکر ہے انجام کی بس جس کو ہر آغاز میں

راز تھا جو کھل گیا وہ اک اشارے پر یہاں

کیا کشش باقی رہی یاروں مرے ہم راز میں

بے سبب کہتا نہیں کوئی غزل شاعر یہاں

کوئی خواہش تو چھپی ہے اس کے اس انداز میں

برتری کا اس قدر شمشادؔ جن کو ہو بھرم

کمتری کو پاؤ گے تم ان کے ہر انداز میں

مزید غزلیں از شمشاد حسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں