پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیو سفر کی غزلیں — Shiv Safar Ghazals

شیو سفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تک بھی درد سہنے کی عادت نہیں ہوئی (غزل)

اب تک بھی درد سہنے کی عادت نہیں ہوئی

یعنی کہ تم کو یار محبت نہیں ہوئی

کرتے ہیں چل اے دل مرے کوشش یہ آخری

ڈولی میں بس وہ بیٹھی ہے رخصت نہیں ہوئی

کہنا تو تھا پر اس نے یوں دیکھا مری طرف

میرے لبوں سے کوئی بھی حرکت نہیں ہوئی

بڑھیا جو گھر میں رہتی تھی جس دن سے مر گئی

بعد اس کے گھر میں کوئی بھی برکت نہیں ہوئی

سچ ہے کہ ذکر عشق سے بچتا رہا ہوں میں

سچ یہ بھی ہے مری کبھی ہمت نہیں ہوئی

یادوں میں اس کی آج بھی بہتے ہیں اشک یوں

جیسے یہ کل کی بات ہو مدت نہیں ہوئی

موت نے فرصت نکالی ہے ابھی (غزل)

موت نے فرصت نکالی ہے ابھی

غم سے راحت ملنے والی ہے ابھی

جو دلائی تھی کتابیں بیچ کر

اس کے کانوں میں وہ بالی ہے ابھی

آؤ یارو تم بھی تھوڑا زور دو

عشق کی گردن دبا لی ہے ابھی

آ کے وہ زخموں سے دل بھر جائے گا

لاکھ بہتر ہے کہ خالی ہے ابھی

داغ بننے میں ابھی کچھ وقت ہے

میں نے جو امید پالی ہے ابھی

مل گیا اک شخص مجھ سا ہو بہ ہو

جسم کی خلوت کھنگالی ہے ابھی

کل وہ پھر کوئی بہانے آئے گی

چارہ سازی سے جو ٹالی ہے ابھی

جل رہے ہیں سوزش منظر سے پاؤں

گو سفرؔ سارا خیالی ہے ابھی

مزید غزلیں از شیو سفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں