شو رتن لال برق پونچھوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک دامن میں پھول بھرے ہیں اک دامن میں آگ ہی آگ (غزل)
اک دامن میں پھول بھرے ہیں اک دامن میں آگ ہی آگ
یہ ہے اپنی اپنی قسمت یہ ہیں اپنے اپنے بھاگ
راہ کٹھن ہے دور ہے منزل وقت بچا ہے تھوڑا سا
اب تو سورج آ گیا سر پر سونے والے اب تو جاگ
پیری میں تو یہ سب باتیں زاہد اچھی لگتی ہیں
ذکر عبادت بھری جوانی میں جیسے بے وقت کا راگ
اوروں پر الزام تراشی فطرت ہے ہم لوگوں کی
سچ پوچھو تو پال رکھے ہیں ہم نے خود زہریلے ناگ
یہیں پڑے رہ جائیں گے سب مال خزانے دھن دولت
موت پڑی ہے تیرے پیچھے بھاگ سکے تو جتنا بھاگ
حرص و ہوا کی اس دنیا سے بچ کے رہو تو اچھا ہے
بہتر ہے شیراز کی دعوت سے بس روکھی روٹی ساگ
رہی دل کی دل میں زباں تک نہ پہنچی (غزل)
رہی دل کی دل میں زباں تک نہ پہنچی
محبت کی دنیا بیاں تک نہ پہنچی
بسیرا رہا اس کا صحن چمن میں
مگر یہ بہار آشیاں تک نہ پہنچی
انہیں خواب میں بھی نہ دھیان آیا مرا
یہ روح حقیقت گماں تک نہ پہنچی
شب غم مرا دل تھا سولی پہ لیکن
تمنا سر شک رواں تک نہ پہنچی
بہاروں کا تو ذکر ہی کیا کروں میں
گلستان دل میں خزاں تک نہ پہنچی
تصور سے آگے تخیل سے آگے
مرے دل کی وحشت کہاں تک نہ پہنچی
رہی محو طوف چمن برقؔ اکثر
مگر وہ مرے آشیاں تک نہ پہنچی