پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیو نرائن آرام کی غزلیں — Shiv Narayan Aaram Ghazals

شیو نرائن آرام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غضب ہے مدعی جو ہو وہی پھر مدعا ٹھہرے (غزل)

غضب ہے مدعی جو ہو وہی پھر مدعا ٹھہرے

جو اپنا دشمن دل ہو وہی دل کی دوا ٹھہرے

وہ چاہیں جس قدر جور و جفا ہم پر کریں لیکن

ہمیں تسلیم لازم ہے کہ پابند رضا ٹھہرے

یہ دنیا اک سرا ہے اس کو آخر چھوڑ جانا ہے

اگر دو چار دن آکر یہاں ٹھہرے تو کیا ٹھہرے

کٹے ہیں سر بہت تیغ جفا سے بے گناہی کے

عجب کیا ہے اگر قاتل کا کوچہ کربلا ٹھہرے

ادھر آنے کو ہیں وہ اور ادھر وقت سفر آیا

عجب مشکل نہ وہ آئیں نہ دم بھر کو قضا ٹھہرے

اسی کو زندگی کا لطف ہے اس دہر فانی میں

کہ جو نزدیک اچھوں کے بھلا اور با خدا ٹھہرے

قیام اپنا ہو اس محنت سرائے دہر میں کیونکر

جہاں آفت ہی آفت ہو وہاں آرامؔ کیا ٹھہرے

مزید غزلیں از شیو نرائن آرام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں