پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیو دیال سحاب کی غزلیں — Shiv Dayal Sahab Ghazals

شیو دیال سحاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرؔ کا سوز بیاں ہو تو غزل ہوتی ہے (غزل)

میرؔ کا سوز بیاں ہو تو غزل ہوتی ہے

داغؔ کا لطف زباں ہو تو غزل ہوتی ہے

دل تو روئے مگر آنکھوں میں تبسم جھلکے

یہ اگر رنگ فغاں ہو تو غزل ہوتی ہے

دوست کی یاد میں جذبات پہ آتا ہے نکھار

ہجر کی رات جواں ہو تو غزل ہوتی ہے

یک نفس سوز سے ممکن نہیں تکمیل غزل

ہر نفس شعلہ بجاں ہو تو غزل ہوتی ہے

ہاں اچٹتی سی نظر بھی ہے کوئی چیز مگر

یہی نشتر رگ جاں ہو تو غزل ہوتی ہے

صادق العشق ہی یہ نکتہ سمجھتے ہیں سحابؔ

حسن دل کا نگراں ہو تو غزل ہوتی ہے

غرق غم ہوں تری خوشی کے لئے (غزل)

غرق غم ہوں تری خوشی کے لئے

یہی سجدہ ہے بندگی کے لئے

ہر کسی کے لئے غم عشرت

عشرت غم کسی کسی کے لئے

نقش منزل ہے ذرے ذرے میں

رہ نوردان آگہی کے لئے

جب سے اپنا سمجھ لیا سب کو

مل گئے کام زندگی کے لئے

اب نگاہوں میں وہ سمائے ہیں

اب نگاہیں نہیں کسی کے لئے

یہ جہاں غم کدہ سہی لیکن

اک تماشا ہے اجنبی کے لئے

اتنی خضر آگہی کے بعد سحابؔ

ڈھونڈئیے کس کو گم رہی کے لئے

مزید غزلیں از شیو دیال سحاب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں