پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیو چرن داس گوئل ضبط کی غزلیں — Shiv Charan Das Goyal Zabt Ghazals

شیو چرن داس گوئل ضبط کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس طرف حال جنوں میں تیرے دیوانے گئے (غزل)

جس طرف حال جنوں میں تیرے دیوانے گئے

پیچھے پیچھے پیروی میں سارے فرزانے گئے

امتحاں کا وقت ہے آؤ مدد کے واسطے

پھر نہ کہنا ہم غلط نظروں سے پہچانے گئے

شیخ صاحب اپنی عزت آپ اپنے ہاتھ ہے

محفل رنداں میں کیوں پھر وعظ فرمانے گئے

دیکھیے اس طرح پیمان وفا پورا ہوا

شمع جب روشن ہوئی مرنے کو پروانے گئے

بلبل و گل کی کشش اور دست گلچیں سے گلہ

کیا وہ سمجھے جو چمن سے سوئے ویرانے گئے

وہ چمن میں کیا گئے گویا بہاریں آ گئیں

ہم جدھر جانے لگے ہیں ساتھ ویرانے گئے

ضبط نے دیکھا ہے ایسا وقت بھی گلشن میں جب

داد خواہی کے لئے گلچیں سے گل خانے گئے

ہوس کا دام پھیلایا ہوا ہے (غزل)

ہوس کا دام پھیلایا ہوا ہے

دل معصوم گھبرایا ہوا ہے

کسی شیشہ پہ بال آیا ہوا ہے

دل غم ناک تھرایا ہوا ہے

تمنا خلد کی اور مے پرستی

یہ واعظ کس کا بہکایا ہوا ہے

کہاں لے جاؤں رغبت آشیاں کی

اندھیرا ہر طرف چھایا ہوا ہے

جہاں ہو کار فرما زر پرستی

وہاں ذوق خدا آیا ہوا ہے

خدارا اس طرف بھی اک نظر ہو

کسی نے ہاتھ پھیلایا ہوا ہے

زبان ضبطؔ نے اردو زباں میں

گل صد برگ مہکایا ہوا ہے

مزید غزلیں از شیو چرن داس گوئل ضبط ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں