شیراز علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری رات میں گہما گہمی میری ہر اک رات میں چپ (غزل)
تیری رات میں گہما گہمی میری ہر اک رات میں چپ
تیری چپ میں سب باتیں ہیں میری ہر اک بات میں چپ
اک اک کر کے سارے اپنے مجھ سے ایسے دور گئے
تنہائی نے ڈیرا ڈالا پھیلی اندر ذات میں چپ
جانے کیسی یہ قسمت ہے چاہوں کچھ تو ہوتا کچھ
میں رونق کو ڈھونڈ رہا ہوں اور ہے میری گھات میں چپ
میں نے اس سے جاتے جاتے ایک نشانی مانگی تھی
اس نے روگ عنایت کر کے دی مجھ کو سوغات میں چپ
ایک نگر آباد ہوا تو اک بستی ویران ہوئی
شہر کی آب و تاب بڑھی اور پھیل گئی دیہات میں چپ
اب بھی باغ میں خاموشی کے زخم نمایاں دکھتے ہیں
ایک بڑے طوفان کی مانند آئی تھی برسات میں چپ
روشنی سے ہار کر (غزل)
روشنی سے ہار کر
تیرگی سے پیار کر
ہاتھ ہاتھوں سے ملا
پیٹھ پیچھے وار کر
ضدی بچہ سو گیا
اپنی خواہش مار کر
سوچ کا چشمہ لگا
دیر تک دیدار کر
کس نے بولا درد لے
کس نے بولا پیار کر
زہر پی اور ہو امر
ڈوب جا اور پار کر
عشق کی بازی لگا
جیت جا سب ہار کر
خامشی کا قفل توڑ
لب ہلا اظہار کر
جرم الفت مان لے
مسکرا اقرار کر
شاعری کا شوق ہے
شاعروں سے پیار کر