شیراز اختر مغل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم کو احساس کی دولت نہیں ملنے والی (غزل)
تم کو احساس کی دولت نہیں ملنے والی
مر کے بھی مجھ کو محبت نہیں ملنے والی
کھا لیے وقت کی تلخی نے سریلے لہجے
اب وہ پہلی سی حلاوت نہیں ملنے والی
یہ نئے دور کے بچے ہیں بڑے لگتے ہیں
ان میں معصوم شرارت نہیں ملنے والی
ضبط کرنے سے گزارا نہیں ہونے والا
ظلم سہنے سے شرافت نہیں ملنے والی
گر مسلط ہی رہا ہم پہ گھٹن کا موسم
سانس تو حسب ضرورت نہیں ملنے والی
چونکہ اب زر نے خریدی ہے سیاہی اخترؔ
اب کسی حرف کو حرمت نہیں ملنے والی
آنکھ کو حسن کا شاہکار دکھانے سے رہی (غزل)
آنکھ کو حسن کا شاہکار دکھانے سے رہی
شاعری ان کے خد و خال بنانے سے رہی
یہ سبھی دشت مرا جوش جنوں جانتے ہیں
یہ ہوا میری طرح خاک اڑانے سے رہی
تیری بانہیں نہ سہی وسعت صحرا ہی سہی
میری مٹی تو کسی طور ٹھکانے سے رہی
ہم نے بھی چہرہ بدلنے کا ہنر سیکھ لیا
دوستی اپنی بھی کچھ روز زمانے سے رہی
کھائے جاتا ہے شب و روز ترے ہجر کا غم
میری تنہائی مری عمر بڑھانے سے رہی
اب کسی اور کے در پہ ہے یقیناً اخترؔ
زندگی مجھ سے تو اب آنکھ ملانے سے رہی