پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکھا پچولی کی غزلیں — Shikha Pachouly Ghazals

شکھا پچولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو اور سچا پیار کرے گا چل جھوٹھے (غزل)

تو اور سچا پیار کرے گا چل جھوٹھے

ڈوب کے دریا پار کرے گا چل جھوٹھے

سپنے میرے قیس و رانجھا والے ہیں

کہتا ہے ساکار کرے گا چل جھوٹھے

آنکھیں جھوٹ کا سودا کرتی پھرتی ہیں

سچ کا کاروبار کرے گا چل جھوٹھے

جسم سے آگے عشق دکھائی دیتا ہے

روح کا تو دیدار کرے گا چل جھوٹھے

اس کی آنکھیں اس کا چہرہ اس کے لب

سب سے تو انکار کرے گا چل جھوٹھے

جس گلشن کے کانٹے تک مرجھائے ہیں

اس کو کیا گلزار کرے گا چل جھوٹھے

ہر اک بازی اک رانی کا وعدہ ہے

جیت کو اپنی ہار کرے گا چل جھوٹھے

کشتی بہکی ساحل کے طوفانوں سے

باہوں کو پتوار کرے گا چل جھوٹھے

الفت الجھن آنسو نالے دشواری

جینا تو دشوار کرے گا چل جھوٹھے

کیا سچ میں اتنے اچھے ہو (غزل)

کیا سچ میں اتنے اچھے ہو

یا باتیں اچھی کرتے ہو

مجھ کو بھی ضد ہے میں دیکھوں

تم کیسے غصہ کرتے ہو

آنسو کیسے اب ٹھہریں گے

ان آنکھوں میں تم ٹھہرے ہو

دنیا بھی ویسے پیاری ہے

تم مجھ کو بے حد پیارے ہو

اک کونا اس میں میرا ہے

گھر وہ جس میں تم رہتے ہو

سب راہیں آساں ہے جانا

مشکل تو تم ہی لگتے ہو

اک دن میں سن لوں گی وہ بھی

خود سے جو باتیں کرتے ہو

مزید غزلیں از شکھا پچولی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں