شجو شکور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاہی نہ تھیں جو میں نے دعائیں مجھے نہ دو (غزل)
چاہی نہ تھیں جو میں نے دعائیں مجھے نہ دو
کچھ کم نہیں ہیں اور بلائیں مجھے نہ دو
کھولو گے کھڑکیاں تو بڑھے گی گھٹن مری
رہنے دو ان کو یوں ہی ہوائیں مجھے نہ دو
آئے ہو تم قریب اسی روگ کے سبب
بیمار ہی بھلا ہوں دوائیں مجھے نہ دو
جی چاہتا ہے کھویا رہوں اپنے آپ میں
اتنا کرم کرو کہ صدائیں مجھے نہ دو
قابل نہیں ہے میرا بدن جو یہ ڈھو سکے
اپنی محبتوں کی قبائیں مجھے نہ دو
یا میرے خواب دے دو یا لوٹاؤ میری نیند
یہ التجا ہے اور سزائیں مجھے نہ دو
احساس ہوتا ہے کہ ابھی جان باقی ہے
اچھی ہے بے خودی یہ دوائیں مجھے نہ دو
راس آیا لمس ٹھنڈی ہواؤں کا اس قدر
منظور ہے یہ کرب ردائیں مجھے نہ دو
حال اچھا ہے نہ ہی ہوش ٹھکانے سے ہے (غزل)
حال اچھا ہے نہ ہی ہوش ٹھکانے سے ہے
بے قراری کا یہ عالم تو زمانہ سے ہے
ایک مدت سے میسر نہیں گھر کو رونق
اس پہ پرہیز تمہیں ہنسنے ہنسانے سے ہے
ناخوشی بے بسی ہو جائیں نمایاں صاحب
فائدہ دشمنوں کو حال چھپانے سے ہے
چل ذرا اپنی روایت سے الگ رستے پر
اب کے خطرہ بھی تو خطرہ نہ اٹھانے سے ہے
جیسا ہے ویسا رہے گا یہ جہاں میرے دوست
اس کو مطلب نہ ترے آنے نہ جانے سے ہے
لے گیا لوٹ کے جو ملک کی دولت یارو
وہ کوئی چور نہیں راج گھرانے سے ہے