شیر محمد خاں ایمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قصہ تو زلف یار کا طول و طویل ہے (غزل)
قصہ تو زلف یار کا طول و طویل ہے
کیوں کر ادا ہو عمر کا رشتہ قلیل ہے
گنجائش دو شاہ نہیں ایک ملک میں
وحدانیت کے حق کی یہی بس دلیل ہے
مشہد پہ دل کے دیدۂ گریاں پکار دے
پیاسا نہ جا بنام شہیداں سبیل ہے
نظریں لڑانے میں وہ تغافل ہے خوش نما
جس طرح سے پتنگوں کے پنجوں میں ڈھیل ہے
ایمانؔ کیا بیاں کروں اس شہسوار کا
حاضر جلو کے بیچ جہاں جبرئیل ہے
دیت اس قاتل بے رحم سے کیا لیجئے گا (غزل)
دیت اس قاتل بے رحم سے کیا لیجئے گا
اپنی ہی آنکھوں سے اب خون بہا لیجئے گا
پھر نہیں ہونے کی تقصیر تو ایسی ہرگز
اب کسی طرح میری جان بچا لیجئے گا
اس قدر سنگ دلی تم کو نہیں ہے لازم
کسی مظلوم کی گاہے تو دعا لیجئے گا
لخت دل خاک میں دیتا ہے کوئی بھی رہنے
گر پڑے اشک تو آنکھوں سے اٹھا لیجئے گا
پھر نہ پچھتاو کہیں بعد مرے جانے کے
گالیاں اور ہوں باقی تو سنا لیجئے گا
روٹھ کر جائے کوئی اپنے سے پیارے تو وہیں
چاہیئے آپ گلے پڑ کے منا لیجئے گا
اپنے مشتاق کو لازم ہے کہ گاہے ماہے
غیر کی آنکھ بچا گھر میں بلا لیجئے گا
ایک مدت ہوئی کچھ حرف و حکایت ہی نہیں
جی میں ہے آج تو باتوں میں لگا لیجئے گا
کسی جلسے میں جو ایمانؔ کہو تو جانیں
گھر میں یوں بیٹھے ہوئے شعر بنا لیجئے گا