پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیر افضل جعفری کی غزلیں — Sher Afzal Jafri Ghazals

شیر افضل جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی رین بسیرے کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

زندگی رین بسیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

یہ نفس عمر کے پھیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

جسے نادان کی بولی میں صدی کہتے ہیں

وہ گھڑی شام سویرے کے سوا کچھ بھی نہیں

دل کبھی شہر سدا رنگ ہوا کرتا تھا

اب تو اجڑے ہوئے ڈیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

ہاتھ میں بین ہے کانوں کی لوؤں میں بالے

یہ ریاکار سپیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

سانس کے لہرئیے جھونکوں سے پھٹا جاتا ہے

جسم کاغذ کے پھریرے کے سوا کچھ بھی نہیں

آج انسان کا چہرہ تو ہے سورج کی طرح

روح میں گھور اندھیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

وقت ہی سے ہے شرف دست دعا کو حاصل

بندگی سانجھ سویرے کے سوا کچھ بھی نہیں

فقر مخدوم ہے لج پال ہے لکھ داتا ہے

تاج بے رحم لٹیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

ندی کنارے جو نغمہ سرا ملنگ ہوئے (غزل)

ندی کنارے جو نغمہ سرا ملنگ ہوئے

حباب موج میں آ آ کے جل ترنگ ہوئے

ارم کے پھول ازل کا نکھار طور کی لو

سخی چناب کی وادی میں آ کے جھنگ ہوئے

کبھی جو ساز کو چھیڑا بہار مستوں نے

تو گنگ گنگ شجر ہم زبان چنگ ہوئے

عطا کیا ترے ماتھے نے جن کو عید کا چاند

نثار ان پہ ستاروں کے راگ رنگ ہوئے

شب حیات میں انساں کے ولولے افضلؔ

ابھر کے تارے بنے کہکشاں کے سنگ ہوئے

مزید غزلیں از شیر افضل جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں