پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیر سنگھ ناز دہلوی کی غزلیں — Sher Singh Naaz Dehlvi Ghazals

شیر سنگھ ناز دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حجاب راز فیض مرشد کامل سے اٹھتا ہے (غزل)

حجاب راز فیض مرشد کامل سے اٹھتا ہے

نظر حق آشنا ہوتی ہے پردہ دل سے اٹھتا ہے

جلا جاتا ہوں بار سوز غم مشکل سے اٹھتا ہے

وہ اشکوں سے نہیں بجھتا جو شعلہ دل سے اٹھتا ہے

کہاں خنجر بھی دست ناوک قاتل سے اٹھتا ہے

نزاکت سے حنا کا بار بھی مشکل سے اٹھتا ہے

یہ کس نے ڈال دی بحر تلاطم خیز میں کشتی

یہ شور ہرچہ باد اباد کیوں ساحل سے اٹھتا ہے

کشیدہ جس سے تم ہوتے ہو کوئی رخ نہیں کرتا

گراتے ہو نظر سے تم جسے مشکل سے اٹھتا ہے

یہ آنسو کسمپرسی کس کے ماتم میں بہاتی ہے

جنازہ آج کس کا کوچۂ قاتل سے اٹھتا ہے

مگر تاثیر پیدا ہو گئی مجنوں کے نالوں میں

کہ پردہ آج دست لیلی محمل سے اٹھتا ہے

رخ بے پردہ ان کا یاد آتا ہے شب ہجراں

حجاب ابر جب روئے مہ کامل سے اٹھتا ہے

لگا دی آتش خاموش کیا سوز محبت نے

الٰہی خیر دود آہ سوزاں دل سے اٹھتا ہے

کیا شرمندہ اتنا سخت جانی نے نزاکت سے

خجالت سے سر ان کے سامنے مشکل سے اٹھتا ہے

کلیجہ تھام لیں دیدار جاناں دیکھنے والے

بس اب پردہ رخ رشک مہ کامل سے اٹھتا ہے

چلے احباب آغوش لحد میں چھوڑ کر مجھ کو

کہ ہمدردی کا جذبہ پہلی ہی منزل سے اٹھتا ہے

شب فراق جو دل میں خیال یار رہا (غزل)

شب فراق جو دل میں خیال یار رہا

پس فنا بھی تصور میں انتظار رہا

اڑا رہے ہیں مری خاک کو وہ ٹھوکر سے

الٰہی مجھ سے تو اچھا مرا غبار رہا

نظر ملاتے ہی ہاتھوں سے دل چلا میرا

کسی کو دیکھ کے دل پر نہ اختیار رہا

کسی کی نرگس مستانہ پھر گئی جب سے

نہ وہ سرور نہ آنکھوں میں وہ خمار رہا

شب فراق کی تنہائی میں تھا کون انیس

خیال یار ہی اک اپنا غم گسار رہا

وفا نہیں تو نہیں مورد جفا ہی سہی

ہزار شکر کہ میں داخل شمار رہا

یہ ڈورے ڈالے ہیں کس چشم مست نے اے نازؔ

کہ حشر تک مری آنکھوں میں اک خمار رہا

مزید غزلیں از شیر سنگھ ناز دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں