پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد رضا لمس کی غزلیں — Shehzad Raza Lams Ghazals

شہزاد رضا لمس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ کو زندہ رہنے کا اک جذبہ آ کے مار گیا (غزل)

مجھ کو زندہ رہنے کا اک جذبہ آ کے مار گیا

میں اپنی سانسوں سے آخر لڑتے لڑتے ہار گیا

اپنی نیندیں اپنی راتیں اپنی آنکھیں اپنے خواب

تم کو جیتنے کی خاطر میں اپنا سب کچھ ہار گیا

جیسی چیزیں مجھ میں تھیں سب ویسی دنیا میں بھی تھیں

اپنے اندر سے میں باہر آخر کو بے کار گیا

عشق کے اس سودے میں مجھ کو اتنا بھی معلوم نہیں

کتنی تیری نفرت آئی کتنا میرا پیار گیا

یاد رکھیں گے دنیا والے میری اس قربانی کو

پہلے جنوں کو عام کیا اور پھر میں سوئے دار گیا

آخر تمہارے عشق میں برباد ہو سکے (غزل)

آخر تمہارے عشق میں برباد ہو سکے

گزرے کہاں کہاں سے تو شہزاد ہو سکے

بستی کو اپنی چھوڑ کے آیا ہے اک فقیر

خواہش کہ تیرے جسم میں آباد ہو سکے

مدت سے اپنی یاد بھی آتی نہیں ہمیں

تم جس کو یاد ہو اسے کیا یاد ہو سکے

ہونٹوں پہ ہونٹ رکھ دے کہ میں راکھ ہو سکوں

میری نئے سرے سے پھر ایجاد ہو سکے

پر پھڑپھڑا رہا ہے پرندہ بدن میں قید

اس پنجرے کو کھول کہ آزاد ہو سکے

فہرست لے کے آئے ہیں عاشق ترے سبھی

اے کاش میرے نام پہ ہی صاد ہو سکے

مزید غزلیں از شہزاد رضا لمس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں