پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد انجم برہانی کی غزلیں — Shehzad Anjum Burhani Ghazals

شہزاد انجم برہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت گھٹن ہے یہاں پر کوئی بچا لے مجھے (غزل)

بہت گھٹن ہے یہاں پر کوئی بچا لے مجھے

میں اپنی ذات میں مدفون ہوں نکالے مجھے

ہم آدمی ہیں بہکنا ہماری فطرت ہے

بہک رہا ہوں اگر میں کوئی سنبھالے مجھے

کہ حرف حق تو ادا ہو گیا ہے ہونٹوں سے

زمانہ چاہے تو نیزے پہ اب اچھالے مجھے

خدا کرے کہ میسر ترا وصال نہ ہو

بہت عزیز ہیں یہ ہجر کے اجالے مجھے

اس چاند کو ہم نے ترا چہرہ نہیں لکھا (غزل)

اس چاند کو ہم نے ترا چہرہ نہیں لکھا

دنیا کی کسی چیز کو تجھ سا نہیں لکھا

زلفوں کو تری رات سے تشبیہ نہیں دی

آنکھوں کو کبھی ساغر و مینا نہیں لکھا

دل کو نہ دکھایا کسی صحرا سے مماثل

اشکوں کی روانی کو بھی دریا نہیں لکھا

کس بات پہ برہم ہو زمانے کے خداؤ

ہم نے کبھی اپنا بھی قصیدہ نہیں لکھا

ہر لمحہ رہے سنگ ملامت کا نشانہ

احساس کے زخموں کا مداوا نہیں لکھا

دل کی ہی کسی بات کو تحریر نہ کر پائے

لکھنے پہ جب آئے تھے تو کیا کیا نہیں لکھا

اے مرے چارہ گرو عیسیٰ نفس (نظم)

اے مرے چارہ گرو عیسیٰ نفس

آسمانوں سے پرے انفس و آفاق کی سرحد سے ادھر

میری پرواز مری راہ گزر جاتی تھی

خواہش دنیا و تن آسانی

نوچ ڈالے گی مرے پر مجھے معلوم نہ تھا

اب رگ و پے میں لہو ہے نہ کوئی آگ نہ سوزش باقی

بپھری موجوں نے سکوں اوڑھ لیا ہے کب کا

ساحل جاں پہ کسی نم کا نشاں تک بھی نہیں

آگ کا ذکر ہی کیا کوئی دھواں تک بھی نہیں

صرصر وقت نے انداز بدل ڈالے ہیں

خاک اب خاک کی خوراک ہوئی جاتی ہے

مزید غزلیں از شہزاد انجم برہانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں