پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہپر رسول کی غزلیں — Shehpar Rasool Ghazals

شہپر رسول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری نظر کا مدعا اس کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

میری نظر کا مدعا اس کے سوا کچھ بھی نہیں

اس نے کہا کیا بات ہے میں نے کہا کچھ بھی نہیں

ہر ذہن کو سودا ہوا ہر آنکھ نے کچھ پڑھ لیا

لیکن سر قرطاس جاں میں نے لکھا کچھ بھی نہیں

دیوار شہر عصر پر کیا قامتیں چسپاں ہوئیں

کوشش تو کچھ میں نے بھی کی لیکن بنا کچھ بھی نہیں

جس سے نہ کہنا تھا کبھی جس سے چھپانا تھا سبھی

سب کچھ اسی سے کہہ دیا مجھ سے کہا کچھ بھی نہیں

چلنا ہے راہ زیست میں اپنے ہی ساتھ ایک عمر تک

کہنے کو ہے اک واقعہ اور واقعہ کچھ بھی نہیں

اب کے بھی اک آندھی چلی اب کے بھی سب کچھ اڑ گیا

اب کے بھی سب باتیں ہوئیں لیکن ہوا کچھ بھی نہیں

دل کو بچانے کے لیے جاں کو سپر کرتے رہے

لوگوں سے آخر کیا کہیں شہپرؔ بچا کچھ بھی نہیں

ہوگی اس ڈھیر عمارت کی کہانی کچھ تو (غزل)

ہوگی اس ڈھیر عمارت کی کہانی کچھ تو

ڈھونڈ الفاظ کے ملبے میں معانی کچھ تو

لوگ کہتے ہیں کہ تو مجھ کو برا کہتا ہے

میں بھی سن لوں ترے ہونٹوں کی زبانی کچھ تو

برف نے کرب کی پتوار کو بھی توڑ دیا

دل کے دریا کو عطا کر دے روانی کچھ تو

بھول بیٹھے ہیں وہ بچپن کے فسانے لیکن

یاد ہوگی انہیں پریوں کی کہانی کچھ تو

نقش پا تک بھی نہ چھوڑے گی ہوا ہے پاگل

کون جانب مجھے جانا ہے نشانی کچھ تو

تیرے احساس میں شعلے ہیں یہ مانا شہپرؔ

صرف رسمی ہی سہی برف بیانی کچھ تو

مزید غزلیں از شہپر رسول ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں