پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہلا کلیم کی غزلیں — Shehla Kaleem Ghazals

شہلا کلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل جو زخموں سے بھر گیا میرا (غزل)

دل جو زخموں سے بھر گیا میرا

وہ مسیحا کدھر گیا میرا

ہائے وہ شخص باتوں باتوں میں

کتنا نقصان کر گیا میرا

اس نے دیکھا بس اک نگاہ مجھے

اور مقدر سنور گیا میرا

تو مرا آئنہ ہے دیکھ اے دوست

عکس تجھ میں اتر گیا میرا

مجھ سے روشن تھا جو وہی جگنو

آشیاں خاک کر گیا میرا

زندگانی کے اس تلاطم میں

تنکا تنکا بکھر گیا میرا

بس تمنا میں زندہ رہنے کی

ایک کردار مر گیا میرا

زندگی تجھ سے کچھ گلہ ہی نہیں

دل ہی دنیا سے بھر گیا میرا

چشم گریہ میں کیسا ماتم ہے

کیا کوئی خواب مر گیا میرا

چارہ گر کس لیے اب آئے ہو

اب تو ہر زخم بھر گیا میرا

اک تخیل کی آس تھا وہ شخص (غزل)

اک تخیل کی آس تھا وہ شخص

یعنی دل کا قیاس تھا وہ شخص

اک تو دیوان میر سا چہرہ

اور اس پر اداس تھا وہ شخص

گنگناتا تھا فیض کی نظمیں

کس قدر غم شناس تھا وہ شخص

زندگانی تھی پیرہن اس کا

اور دریدہ لباس تھا وہ شخص

دشت امکاں کی خواب گاہوں میں

مثل تعبیر یاس تھا وہ شخص

جس نے دریافت کر لیا مجھ کو

کیسا جوہر شناس تھا وہ شخص

نظر اٹھا کے ذرا دیکھ اے متاع جاں (نظم)

نظر اٹھا کے ذرا دیکھ اے متاع جاں

ہمارے سر پہ جدائی کا وقت آ پہنچا

میں کیا بتاؤں کہ اس پل کو ٹالنے کے لیے

دعا وظیفے بھلا کون سے جتن نہ کیے

عزیز من جو بھی آیات مجھ کو ازبر تھیں

بس ایک سانس میں پڑھ پڑھ کے سب کی سب پھونکی

مگر اے جان تمنا یہ شومیٔ قسمت

لکھی ہے اپنے مقدر میں بس تری فرقت

سو بس یہیں سے ہمیں رستہ بانٹنا ہوگا

اور اس کے آگے سفر تنہا کاٹنا ہوگا

تمہارے بعد اگرچہ ہیں منزلیں معدوم

کدھر سے جانا ہے کس سمت کو خدا معلوم

مری تو خیر ہے لیکن تم اے مرے ہمدم

دمکتے رہنا ہر اک بزم میں یوں ہی ہر دم

متاع جاں مرا ہرگز نہ غم ستائے تمہیں

دعا ہے ہر خوشی جیون کی راس آئے تمہیں

بس التجا ہے کبھی خواب میں ملا کرنا

اگر جو بھولے سے یاد آؤں تو دعا کرنا

مگر اے دوست یہ ممکن ہی کس طرح ہے بھلا

کہ اپنی تیرہ نصیبی کا ہے عجب قصہ

ہم ایسے لوگ سدا بے مراد رہتے ہیں

ہمارے جیسے کسے یاد واد رہتے ہیں

مزید غزلیں از شہلا کلیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں