پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہلا ایچ نقوی کی غزلیں — Shehla H Naqvi Ghazals

شہلا ایچ نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر فلک بوس عمارت ہے انا کی تصویر (غزل)

ہر فلک بوس عمارت ہے انا کی تصویر

اور میں ٹوٹ کے گرتی ہوئی دیوار میں ہوں

تم کو تنہائی کا احساس ہوا کیوں آخر

میں تو مدت سے تمہارے در و دیوار میں ہوں

شہر کے شہر پہ ہے نیند کا افسوں طاری

میں ہوں خوش بخت کہ اک دیدۂ بے دار میں ہوں

نہ سمندر نہ گھٹاؤں کی رہین منت

بھیگتی اپنے ہی جذبات کی بوچھار میں ہوں

ذہن اور جسم تو ہیں کار زیاں میں مصروف

روح کے ساتھ میں اک حسرت دیدار میں ہوں

اس کی آوارہ نگاہی کا گلا کیا شہلاؔ

میں تو خود اپنے ہی اقرار میں انکار میں ہوں

جئے جانے کے خواب میں زندہ (غزل)

جئے جانے کے خواب میں زندہ

اک مسلسل سراب میں زندہ

زندگی کے لئے ترستے لوگ

زندگی کے عذاب میں زندہ

ہاتھ آئی نہیں کوئی منزل

ہیں سفر کے سراب میں زندہ

خواب مرتے نہیں ہیں ذہنوں کے

نغمہ جیسے رباب میں زندہ

کشت دل لہلہائی اشکوں نے

رنگ دنیا سحاب میں زندہ

وہ نمو خیز کالی مٹی ہے

شکل خوشبو گلاب میں زندہ

روز رہتے ہیں سانحے در پیش

ہم ہیں گویا حباب میں زندہ

میر کے رنگ میں ڈھلے اشعار

درد و غم ہیں کتاب میں زندہ

رات کی کالی سڑک پر روشنی کا دائرہ (نظم)

رات کی کالی سڑک پر روشنی کا دائرہ

ایک تنہا چاپ جیسے ہو مسافر کی صدا

یہ قدم پر عزم تھے اس روشنی کی سمت میں

پر حصار روشنی میں سست یوں پڑتے گئے

تیرگی کے اس سفر میں روشنی کا یہ پڑاؤ

راہرو کے واسطے اک دعوت آرام ہو

روشنی کی حد پہ جا کر اس طرح ٹھٹکے قدم

تیرگی میں ڈوبنا ان کو گوارا پھر نہ ہو

ایک سسکی کی طرح رکتے ہوئے پھر چل پڑے

اک تھکے لہجے میں بڑھ کر کھو گئی قدموں کی چاپ

مزید غزلیں از شہلا ایچ نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں