شیث محمد اسماعیل اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب تو جس روز سے روٹھی ہے محبت اس کی (غزل)
اب تو جس روز سے روٹھی ہے محبت اس کی
بڑھ گئی اور بھی پہلے سے ضرورت اس کی
لوح ہر زخم پہ تحریر ہے اس کا مضمون
نقش ہے ہر ورق دل پہ عبارت اس کی
جسم تو میرا تھا دل اس کا تھا جاں اس کی تھی
میری جاگیر تھی چلتی تھی حکومت اس کی
شور فریاد سنائیں تو سنائیں کس کو
حشر اس کا ہے خدا اس کا قیامت اس کی
دیکھ کر اعظمیؔ اس کو تو بڑا رنج ہوا
وقت نے کیسی بدل ڈالی ہے صورت اس کی
عجیب عادت ہے بے سبب انتظار کرنا (غزل)
عجیب عادت ہے بے سبب انتظار کرنا
شب الم میں وصال کے دن شمار کرنا
نہیں ہے آساں عداوتوں میں اسیر رہنا
روش زمانے سے مختلف اختیار کرنا
نہ بے نیاز قیود آداب عشق رہنا
نہ اپنے اطراف مصلحت کا حصار کرنا
نہ اہل دانش کے دام و دانہ کا صید ہونا
نہ شہر والوں کے لطف کا اعتبار کرنا
جو محفلوں میں شہید پندار حسن ہونا
تو خلوتوں میں غزال معنی شکار کرنا
بجھے چراغوں کو زیب دامان و جیب رکھنا
پگھلتی شمعیں قطار اندر قطار کرنا