شیراز ساگر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے ہاتھوں سے بنا کر کشتیاں بارش کی شام (غزل)
اپنے ہاتھوں سے بنا کر کشتیاں بارش کی شام
میں نے پانی میں بہا دیں چٹھیاں بارش کی شام
دل کے دفتر میں وہ منظر آج بھی محفوظ ہے
گرم کافی بالکونی سردیاں بارش کی شام
رو کے دل کی ٹہنیوں پر ایسے آیا ہے شباب
جس طرح بھیگی ہوئی ہوں لڑکیاں بارش کی شام
رقص میں ہے قصر شاہی جشن ہے برسات کا
کیا کریں کچے گھروں کی بستیاں بارش کی شام
جس قدر یہ آسماں رویا میں رویا اس قدر
دھل گئیں سب دل شجر کی ٹہنیاں بارش کی شام
یاد آتی ہیں مجھے اکثر دیار غیر میں
ماں کی ممتا باجرے کی روٹیاں بارش کی شام
ساری گلیاں سارے کوچے سارے در سنسان ہیں
اور ہیں آباد ساری کھڑکیاں بارش کی شام
بہت برباد ہوتا جا رہا ہے (غزل)
بہت برباد ہوتا جا رہا ہے
یہ دل بغداد ہوتا جا رہا ہے
اسے جتنا بھلانا چاہتا ہوں
وہ اتنا یاد ہوتا جا رہا ہے
فصیل جاں مری مسمار کر کے
مری بنیاد ہوتا جا رہا ہے
یہ کیسا وقت ہے میرا ہی بیٹا
مرا استاد ہوتا جا رہا ہے
قریب اب آ رہی ہے میری منزل
سفر افتاد ہوتا جا رہا ہے
تمہاری قید میں ہے روح میری
بدن آزاد ہوتا جا رہا ہے
مری تسخیر ہوتی جا رہی ہے
سخن ایجاد ہوتا جا رہا ہے
غزل شیریں ہوئی جاتی ہے میری
ہنر فرہاد ہوتا جا رہا ہے
تمہاری یاد دل میں بس رہی ہے
کھنڈر آباد ہوتا جا رہا ہے
شام سے میرے سامنے (نظم)
شام سے میرے سامنے
ٹیبل پر اک کیک رکھا تھا
شمعیں بھی کتنی تھیں لیکن
اب کے جلنا مجھ کو پڑا تھا
تنہا بیٹھ کے سوچ رہا تھا
اب تو شام کے آخری پل ہیں
اب کی بار وہ یہ دن کیسے بھول گیا ہے
کیا وہ آنے سے قاصر ہے
لیکن فون تو کر سکتا تھا
ایس ایم ایس تو کر سکتا تھا
پھر میں نے دل کو سمجھایا
شاید کوئی مجبوری ہو
آخر آنکھوں کے پانی سے خود کو بجھا کر
سالگرہ کا کیک بھی میں نے کاٹ دیا ہے
چھری چلی ہے کیک پہ لیکن
دل پر گہرا زخم لگا ہے