پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شین کاف نظام کی غزلیں — Sheen Kaaf Nizam 3 Ghazals

شین کاف نظام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہی نہ ملنے کا غم اور وہی گلا ہوگا (غزل)

وہی نہ ملنے کا غم اور وہی گلا ہوگا

میں جانتا ہوں مجھے اس نے کیا لکھا ہوگا

کواڑوں پر لکھی ابجد گواہی دیتی ہے

وہ ہفت رنگی کہیں چاک ڈھونڈھتا ہوگا

پرانے وقتوں کا ہے قصر زندگی میری

تمہارا نام بھی اس میں کہیں لکھا ہوگا

چبھن یہ پیٹھ میں کیسی ہے مڑ کے دیکھ تو لے

کہیں کوئی تجھے پیچھے سے دیکھتا ہوگا

گلی کے موڑ سے گھر تک اندھیرا کیوں ہے نظامؔ

چراغ یاد کا اس نے بجھا دیا ہوگا

میرے الفاظ میں اثر رکھ دے (غزل)

میرے الفاظ میں اثر رکھ دے

سیپیاں ہیں تو پھر گہر رکھ دے

بے خبر کی کہیں خبر رکھ دے

حاصل زحمت سفر رکھ دے

منزلیں بھر دے آنکھ میں اس کی

اس کے پیروں میں پھر سفر رکھ دے

چند لمحہ کوئی تو سستا لے

راہ میں ایک دو شجر رکھ دے

گر شجر میں ثمر نہیں ممکن

اس میں سایا ہی شاخ بھر رکھ دے

کل کے اخبار میں تو جھوٹی ہی

ایک تو اچھی سی خبر رکھ دے

تو اکیلا ہے بند ہے کمرا

اب تو چہرا اتار کر رکھ دے

بیاضیں (نظم)

بیاضیں

جن میں

ان دیکھے پرندوں کے

پتے لکھے

بیاضیں!

ہم نے پھولوں کی

سرگوشیاں لکھیں

پہاڑوں کے رموز اور

آبشاروں کی زباں لکھی

جن کے سینے میں

سمندر اور سورج کی عداوت کے تھے افسانے

پرندے اور پیڑوں کے

رقم تھے

باہمی رشتے

ہمارے ارتقا کی الجھنیں

جن سے منور تھیں

بیاضیں کھو گئی ہیں

اب لغت ہم سے پریشاں ہے

مزید غزلیں از شین کاف نظام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں