پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاذیہ مفتی کی غزلیں — Shaziya Mufti Ghazals

شاذیہ مفتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خیال یار سے دامن چھڑا کے آئی ہوں (غزل)

خیال یار سے دامن چھڑا کے آئی ہوں

میں اپنے کاندھے پہ آنسو بہا کے آئی ہوں

بہت سا بوجھ تھا دل پر سو دشت الفت میں

تمہارے پیار کا قرضہ چکا کے آئی ہوں

چراغ شب تھا مجھے دیکھ کر تمہارا وجود

تمہاری آنکھوں کے دیپک بجھا کے آئی ہوں

پرانے پیڑ مرے ساتھ ساتھ روتے رہے

جو نام مل کے لکھے تھے مٹا کے آئی ہوں

چراغ ہے کہ مرے دل میں یاد کا سورج

جسے دریچے میں شب کے سجا کے آئی ہوں

ہزار کلیاں گلابوں کی مسترد کر کے

میں اپنے جوڑے میں پتے لگا کے آئی ہوں

مجھے تلاش کرو گرد عاشقی میں جہاں

میں اپنے پیار کا صحرا چھپا کے آئی ہوں

ادھر نہ جانا کبھی لڑکیوں سے کہتی ہوں

میں راہ عشق میں تن من گنوا کے آئی ہوں

خود ہی اپنی سکھی سہیلی (نظم)

خود ہی اپنی سکھی سہیلی

دن بھر کی سب چھوٹی سے بھی چھوٹی باتیں

دور کسی گنجان سڑک پہ چلتے چلتے

جب پاؤں اک پتھر سے ٹکرایا تھا تو

کیسے میں چھوئی موئی سی بیچ سڑک اس شام گری تھی

میری چادر تیز ہوا سے دور تلک اڑتی ہی گئی تھی

نوسر باز ہوا سے کیسے دھوکا کھایا

اچھی بری نظریں دنیا کی

اپنی ہار اور اپنی جیت

اپنا سب کچھ خود سے کہنا

خود ہی بیٹھ کے روتے رہنا

خود کو آپ دلاسا دینا

اپنی آنکھ کے سارے آنسو خود ہی پینا

خود ہی مرنا

خود ہی جینا

اپنے دکھ سکھ خود سے کہنا

خود ہی ہنسنا

خود ہی رونا

روتے روتے بے خود ہونا

مزید غزلیں از شاذیہ مفتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں